• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نیب کا شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

شائع December 3, 2019
شہباز شریف اس وقت بیرون ملک اپنے بھائی کے ساتھ ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف اس وقت بیرون ملک اپنے بھائی کے ساتھ ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے جرائم کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ان کے صاحبزادوں حمزہ اور سلمان شہباز کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

نیب کی جانب سے جو احکامات جاری کیے گئے ان میں لاہور، چنیوٹ، ہری پور اور ایبٹ آباد میں موجود اثاثوں کو منجمد کرنے کا کہا گیا۔

یہ احکامات آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رہیں گے، جس کے دوران نیب ان کی تصدیق کے لیے متعلقہ احتساب عدالت میں درخواست دائر کرے گا۔

مزید پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی بھی محکمہ شہباز شریف خاندان کی جائیدادیں فروخت یا منتقل کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔

احتساب کے قومی ادارے کی جانب سے 6 احکامات جاری کیے گئے، جس میں ہر ایک میں شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کی الگ الگ جائیدادوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادے کرپشن کیسز میں نامزد ہیں اور نیب کی جانب سے ان کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس حوالے سے نیب کی جانب سے کہا گیا کہ اب تک ان تینوں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف حاصل کیے گئے ثبوت یہ 'یقین کرنے کے لیے معقول' ہیں کہ شہباز شریف، سلمان اور حمزہ شہباز 'کرپشن کے جرائم اور کرپشن پریکٹسز' میں ملوث تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور ان کے بچوں کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسز ہیں۔

نیب کے مطابق شہباز شریف نے لاہور، ایبٹ آباد اور ہری پور میں متعدد جائیدادیں اپنی بیویوں نصرت شہبازاور تہمینہ درانی کے نام پر حاصل کیں، جنہیں اب منجمد کردیا گیا ہے جبکہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے بھی لاہور اور چنیوٹ میں کئی جائیدادیں لیں، جنہیں اب نیب کی جانب سے منجمد کیا گیا ہے۔

احتساب کے ادارے نے اپنے احکامات میں جن جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی، ان میں سے تقریباً تمام رہائشی علاقوں میں ہیں۔

اگر شہباز شریف کی بات کی جائے تو وہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ

تاہم ان کے خلاف صاف پانی کیس اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی تحقیقات کی جارہی تھی اور انہیں گزشتہ برس 5 اکتوبر کو آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تاہم رواں سال فروری میں لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

علاوہ ازیں 11 جون 2019 کو مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بھی قومی احتساب بیورو نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024