• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت کا اگنی تھری میزائل تجربہ بھی ناکام ہوگیا

شائع December 2, 2019 اپ ڈیٹ December 3, 2019
بھارت کو اگنی ون اور ٹو کے تجربوں میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:بشکریہ نیو انڈین ایکسپریس
بھارت کو اگنی ون اور ٹو کے تجربوں میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:بشکریہ نیو انڈین ایکسپریس

بھارت کا میزائل سیریز اگنی تھری کا تجربہ بھی پہلی ہی آزمائش میں ناکام ہوگیا جو بیلسٹک میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اوڈیشا (سابق اڑیسا) کے ساحلی علاقے عبدالکلام آئی لینڈ میں اگنی تھری گرکر تباہ ہوا جو گزشتہ ایک رات کے دوران بھارتی میزائل کی تیسری آزمائش تھی۔

بھارتی ویب سائٹ نے مصدقہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل پہلے مرحلے سے گزرنے کے بعد سمندر میں گر گیا جبکہ میزائل میں خرابی کے آثار 115 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے ساتھ ظاہر ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میزائل پرواز کے مقررہ راستے سے بھٹک گیا تھا جس کے نتیجے میں مشن کی ٹیم کو راستے میں ہی اس کو ختم کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں:بھارت کا چاند پر پہنچنے کا مشن ایک مرتبہ پھر ناکام

رپورٹ کے مطابق تجربے کو بہت اہم تصور کیا جارہا تھا کیونکہ استعمال کے حوالے سے تکنیکی پہلو کی تصدیق کی جارہی تھی اور رات کے اندھیروں میں ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کی جانچ کی جارہی تھی۔

بھارتی فوج کی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ (ایس ایف سی) نے یہ تجربہ کیا تھا اور ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے تمام تر تعاون کیا تھا اور یہ تجربہ میزائل کے استعمال کے حوالے سے تربیتی مشقوں کا حصہ تھا۔

بھارتی حکام نے اس ناکامی پر حتمی رپورٹ تو جاری نہیں کی لیکن ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ اس میزائل کی تیاری کے دوران تکنیکی خامیاں موجود تھیں۔

ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ میزائل پہلے مرحلے میں منصوبے کے مطابق بالکل ٹھیک تھا اور مشن کے تحت جارہا تھا لیکن اچانک گڑ بڑ شروع ہوئی جو ممکنہ طور پر تیاری میں کسی خامی کا باعث ہوسکتا ہے۔

اگنی تھری کی ناکامی بھارتی میزائل تجربوں کی پہلی ناکامی نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل اگنی ون اور اگنی ٹو بھی آزمائشی مراحل میں ناکام ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کروز میزائل کے تجربے میں چوتھی بار ناکام

بھارت نے 2009 میں اگنی ٹو میزائل کا تجربہ کیا تھا جو مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اگنی تھری پہلے ہی 2011 میں بھارتی مسلح فورسز کے حوالے کیا جاچکا ہے جو دونوں طرح روایتی اور ایک اعشاریہ 5 ٹن وزنی جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل 17 میٹر لمبا اور 2 میٹر چوڑا ہے، وزن 50 ٹن ہے اور یہ میزائل پاکستان اور چین کے تمام بڑے شہروں کو ہدف بنا سکتا تھا لیکن آزمائش کے دوران ناکام ہوچکا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس بھارت کو خلا میں اپنی شٹل بھیجنے کے تجربے میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کو پوری دنیا میں براہ راست دکھایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024