• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران فاروق قتل کیس: برطانوی پولیس نے انتہائی اہم شواہد جمع کرادیے

شائع December 2, 2019 اپ ڈیٹ December 5, 2019
اے ٹی سی میں تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی کو بھی پیش کیا گیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
اے ٹی سی میں تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی کو بھی پیش کیا گیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

برطانوی گواہان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں اہم شواہد جمع کرادیے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔

سماعت میں 3 برطانوی گواہان بھی اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، جن میں برطانوی پولیس کے چیف انسپکٹر، سارجنٹ اور کانسٹیبل شامل ہیں۔

برطانوی گواہان کی آمد کے سلسلے میں جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اسلام آباد پولیس کے تازہ دم دستے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: انسداد دہشتگردی عدالت میں اہم شواہد جمع

ساتھ ہی اے ٹی سی میں تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی کو بھی پیش کیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے چیف انویسٹی گیشن افسر اسٹیورڈ گرین وے نے بتایا کہ عمران فاروق کیس کی تفتیش کا نام “آپریشن ہیسٹار “ رکھا ہے۔

چیف انویسٹی گیشن آفیسر نے عدالت میں ملزم محسن علی کی برطانیہ پہنچنے سے متعلق دستاویزات، ای میلز، ان کا تعلیمی ریکارڈ، کالج حاضری ریکارڈ پیش کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: بانی متحدہ کی بذریعہ اشتہار عدالت طلبی سے متعلق رپورٹ جمع

ساتھ ہی انہوں نے آلہ قتل، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج، ایک اینٹ، 2 تیز دھار چاقو، فنگر پرنٹس کرائم سین کا خاکہ اور نقشہ بھی عدالت میں پیش کردیا۔

دوران سماعت ملزم معظم علی نے ایک ہاتھ سے ہتھکڑی کھولنے کی درخواست کی۔

۔معظم علی نے کہا کہ 4 گھنٹوں سے دونوں ہاتھوں پر ہتھکڑی لگی ہوئی ہے ہاتھوں کے درمیان گنجائش بھی کم ہے جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ آپ ابھی بیٹھ جائیں کچھ کرتے ہیں۔

عمران فاروق قتل کیس میں لندن سے آئے چیف انوسٹی گیشن افسر سٹیورڑ گرین وے کا بیان قلمبند کرنے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ان کے بیان پر جرح بھی مکمل کر لی گئی۔

دوران سماعت جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ مزید گواہوں کے نام عدالت کو بتائے جائیں۔

جج شاہ رخ ارجمند نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ گواہوں کو ذاتی حیثیت میں پیش کیا جائے گا یا ویڈیو لنک کر ذریعے بیان قلمبند کروایا جائے گا۔

جس پر پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے بتایا کہ گواہان کے بیانات ویڈیو لنک کے ذریعے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آئندہ سماعت پر فہرست مرتب کر کے عدالت کو فراہم کروں گا۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ایف آئی اے 5 دسمبرکو ویڈو لنک والے گواہان کی فہرست جمع کرائے، علاوہ ازیں کیس میں وکیل صفائی کے اعتراض کو ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا جبکہ اصل دستاویزات برطانوی تفتیشی ٹیم کو واپس کردی گئیں، جس پر وکیل صفائی کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کی مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی سماعت میں برطانوی حکام نے شواہد جمع کروائے تھے جن میں قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ، برآمد ہونے والا میمو، تفتیشی افسران اور دیگر 23 گواہان کے بیانات شامل تھے۔

مقدمے میں نامزد 2 ملزمان خالد شمیم اور سید محسن علی مجسٹریٹ کے سامنے پہلے ہی اپنا اعترافی بیان قلمبند کرا چکے ہیں جس میں انہوں قتل کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران فاروق بانی متحدہ کی قیادت کے لیے خطرہ تھے۔

تاہم تیسرے ملزم معظم علی نے اب تک اپنا اعترافی بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔

خالد شمیم نے اس بات کا بھی اعتراف کیا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل ایم کیو ایم کے بانی کے لیے سالگرہ کا تحفہ تھا جبکہ محسن علی نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے قتل میں معاونت کی کہ کیونکہ انہیں ایم کیو ایم کے لندن سیکریٹریٹ میں عہدہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن کے علاقے ایج ویئر کی گرین لین میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔

برطانوی پولیس نے دسمبر 2012 میں اس کیس کی تحقیق و تفتیش کے لیے ایم کیو ایم کے قائد کے گھر اور لندن آفس پر بھی چھاپے مارے تھے، چھاپے کے دوران وہاں سے 5 لاکھ سے زائد پاؤنڈ کی رقم ملنے پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع ہوئی تھی۔

برطانوی پولیس کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تصاویر کے مطابق 29 سالہ محسن علی سید فروری سے ستمبر 2010 تک برطانیہ میں مقیم رہا تھا جبکہ 34 سالہ محمد کاشف خان کامران ستمبر 2010 کے اوائل میں برطانیہ پہنچا تھا۔

مزیدپڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: ٹرائل روکنے سے متعلق ایف آئی اے کی درخواست مسترد

دونوں افراد شمالی لندن کے علاقے اسٹینمور میں مقیم تھے اور ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی شام ہی برطانیہ چھوڑ گئے تھے۔

جون 2015 میں 2 ملزمان محسن علی اور خالد شمیم کی چمن سے گرفتاری ظاہر کی گئی تھی جبکہ معظم علی کو کراچی میں نائن زیرو کے قریب ایک گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

تینوں ملزمان کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ایف آئی اے کی تحویل میں تھے، ان ملزمان سے تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔

یکم دسمبر 2015 کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ پاکستان میں درج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

5 دسمبر 2015 کو حکومت پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، جو ایف آئی اے کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر انعام غنی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور اور افتخار حسین کے علاوہ معظم علی خان، خالد شمیم، کاشف خان کامران اور سید محسن علی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمے میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش اور قاتلوں کومدد فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے جبکہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات 34، 109، 120بی،302 اور 7 شامل کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: دو ملزمان کا اعتراف جرم

6 دسمبر 2015 کو 3 مبینہ ملزمان معظم علی ، سید محسن اور خالد شمیم کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

8 جنوری 2016 کو اس مقدمے میں ملوث ملزمان میں سے دو نے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

ملزم محسن علی اور خالد شمیم نے جرم کا اعتراف کیا تھا جبکہ قتل کے مبینہ مرکزی ملزم معظم علی نے جرم سے انکار کردیا تھا۔

9 جنوری 2016 کو عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی تھی، جب گرفتار ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے اعترافی بیان میں کئی اہم انکشافات کیے تھے۔

گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا تھا کہ عمران فاروق کا قتل ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما محمد انور کی ہدایت پر کیا گیا کیونکہ محمد انور کا خیال تھا کہ عمران فاروق الگ گروپ بنانا چاہتے تھے۔

ملزم کاشف نے انکشاف کیا تھا کہ پارٹی کی قیادت سے حکم ملا تھا کہ عمران فاروق کو قتل کردو، انکشاف کے دوران انہوں نے بتایا تھا کہ ملزم معظم کو فون کرکے کوڈ ورڈ ’ماموں کی صبح ہوگئی‘ میں اطلاع دی، جس کا مطلب تھا عمران فاروق کو قتل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: ایف آئی اے ملزمان کے خلاف چالان جمع نہیں کراسکی

خیال رہے کہ ملزم کاشف کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ اس کا انتقال ہوچکا ہے۔

21 اپریل 2016 کو وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوانے کا حکم دے دیا تھا۔

29 اپریل 2016 کو عمران فاروق قتل کیس کے اہم ملزم خالد شمیم کے ایک ویڈیو بیان نے سرکاری اور سیاسی حلقوں میں بے چینی پیدا کردی تھی۔

جیل میں قید خالد شمیم نے ویڈیو میں الزام لگایا تھا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث تھے۔

ویڈیو میں خالد شمیم نے کہا تھا کہ'جب عمران فاروق کی میت پاکستان لائی گئی تو انہوں نے (الطاف حسین نے) مصطفیٰ کمال کو فون کیا اور کہا کہ کام ہوگیا ہے'۔

04 مئی 2016 وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس کا عبوری چالان ساتویں بار پیش کیا تھا، جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے 12 مئی سے اڈیالہ جیل میں باقاعدہ ٹرائل کا فیصلہ کیا تھا۔

28 مئی کو پاکستان آنے والی اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم واپس برطانیہ روانہ ہو گئی، ٹیم نے عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے پاکستان میں گرفتار ملزمان کا انٹرویو کیے تھے جبکہ پاکستانی تحقیقاتی اداروں کے سامنے کیے گئے اعترافی بیانات کا بھی جائزہ لیا تھا۔

10 نومبر 2016 کو ملزم خالد شمیم نے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین کو سالگرہ پر تحفہ دینے کے لیے 16 ستمبر کو عمران فاروق کو قتل کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس اب تک 7697 سے زائد دستاویزات کی چھان بین اور 4556 افراد سے پوچھ گچھ کر چکی ہے جبکہ 4323 اشیاء قبضے میں لی گئیں۔

لندن پولیس نے قاتلوں تک رسائی کے لیے عوام سے مدد کی اپیل کی جبکہ قاتل تک پہنچنے والی معلومات فراہم کرنے پر 20 ہزار پاؤنڈ انعام کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khan Dec 02, 2019 09:55pm
عمران فاروق قتل کے سلسلے میں الطاف حسین کے خلاف لندن میں کارروائی ہوگی یا نہیں؟.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024