• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان کو اننگز اور 48رنز سے شکست، آسٹریلیا کا کلین سوئپ

شائع December 2, 2019 اپ ڈیٹ December 6, 2019
پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کے بعد آسٹریلین ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے پی
پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کے بعد آسٹریلین ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے پی
آسٹریلییا کی جانب سے نیتھن لائن دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلییا کی جانب سے نیتھن لائن دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی شاندار ٹرپل سنچری کے بعد مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کی بہترین باؤلنگ کی بدولت پاکستان کو سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستانی ٹیم نے 39 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان سے کیا تو شان مسعود 14 اور اسد شفیق 8 رنز پر کیریز پر موجود تھے۔

ابتدائی طور پر دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو سہارا دیا اور ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 103رنز کی شراکت قائم کی لیکن 123 کے اسکور پر قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ کر گئی۔

آسٹریلین اسپنر نیتھن لائن نے نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی شان مسعود کو پویلین کی راہ دکھائی اور اس کے بعد اسد شفیق سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 154 کے مجموعی اسکور پر 57 رنز بنا کر آف اسپنر کو وکٹ دے بیٹھے۔

154 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، تاہم ٹیم کی سڈبل سنچری مکمل ہونے کے ساتھ ہی 201 رنز کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد بھی 27 رنز پر ہمت ہار گئے۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے یاسر شاہ کی ہمت 13رنز پر جواب دے گئی جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی اس مرتبہ صرف ایک رن بنا سکے۔

محمد رضوان نے آسٹریلین باؤلنگ کے سامنے کچھ دیر تک مزاحمت کی لیکن جوش ہیزل وُڈ نے ان کی بھی وکٹیں بکھیر کر اہنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

239 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے اور اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پاکستان میچ میں اننگز اور 48رنز سے شکست دے کر سیریز میں بھی 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں جبکہ ہیزل وُڈ کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

ڈیوڈ وارنر کو ان کی شاندار ٹرپل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر وہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی لے اڑے.

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے بلے باز ڈیوڈ وارنر کے 335 رنز کی بدولت 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 589 رنز بناکر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہو کر فالوآن کا شکار ہوگئی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، امام الحق، شان مسعود، اسد شفیق، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد موسیٰ، محمد عباس

آسٹریلیا: ڈیوڈ وارنر، جو برنز، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، میتھیو ویڈ، ٹریوس ہیڈ، ٹم پین (کپتان)، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ناتھن لیون، جوش ہیزل ووڈ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024