• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی افسران اور خاتون زخمی

شائع December 1, 2019
بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے رکھ چکری سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو
بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے رکھ چکری سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولی باری کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران اور خاتون زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے رکھ چکری سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

بھارتی فوج نے مارٹر گولوں سے پاکستانی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے زخمی افسران کے نام اور رینک نہیں بتائے گئے تاہم مقامی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے میجر اور کیپٹن زخمی ہوئے۔

حویلی کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز فارورڈ کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر عمران کیانی کا کہنا تھا کہ اسی سیکٹر میں 35 سالہ خاتون لال جان مارٹر گولے کے اسپلنٹرز پیٹ میں لگنے سے زخمی ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر میں سہ پہر 3 بجے فائرنگ کا آغاز کیا جس دوران اس نے پاک فوج کی پوسٹوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی مارٹر گولے داغے۔

یاد رہے کہ 20 اکتوبر کو بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے تھے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں 9 کشمیری زخمی بھی ہوئے اور مزید بتایا کہ یہ رواں برس بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ دیگر 9 زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کی ایل او سی پر فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق

بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے باعث 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ ہوگئے۔

قبل ازیں 15 اکتوبر کو سیکٹر نیزا پیر کے مختلف گاؤں میں بھارتی فوج کی بلااشتعال شیلنگ سے 3 شہری شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

ضلع حویلی کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر محمد ظہیر کا کہنا تھا کہ 'شہید و زخمی تمام افراد نیزہ پیر سیکٹر کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں دوپہر ساڑھے 12 بجے شیلنگ کے سلسلے کا آغاز ہوا جو 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی فوج نے متعدد گاؤں پر مارٹر گولے برسائے اور شدید شیلنگ کی'۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں 50 سے زائد افراد شہید اور 240 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024