• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وارنر اور لبوشین کی سنچری، ایڈیلیڈ میں پاکستانی باؤلرز بے بس

شائع November 29, 2019
قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے امام الحق، محمد عباس اور محمد موسیٰ کو شامل کیا گیا ہے—  فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے امام الحق، محمد عباس اور محمد موسیٰ کو شامل کیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 302رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔

شاہین شاہ آفریدی میچ کی صبح وکٹ میں موجود نمی کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور شاندار اسپیل کیا جس کا صلہ انہیں جو برنز کی وکٹ کی شکل میں ملا جو صرف 4 رنز بنا سکے۔

ڈیوڈ وارنر سیریز میں لگاتار دوسری سنچری مکمل کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ڈیوڈ وارنر سیریز میں لگاتار دوسری سنچری مکمل کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

تاہم اس کے بعد شاہین کی عمدہ باؤلنگ کے باوجود ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کی جوڑی ایک مرتبہ پھر وکٹ پر ڈٹ گئی اور پاکستانی باؤلرز ان کے خلاف بے بس نظر آئے۔

اس دوران میچ میں وقتاً فوقتاً بارش کی مداخلت کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے کھیل کا تسلسل متاثر ہوا۔

تاہم میچ میں بارش کی مداخلت کے باوجود آسٹریلین بلے بازوں کے قدم نہ ڈگمگائے اور انہوں نے پاکستانی باؤلرز کو ایک مرتبہ پھر تختہ مشاق بناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کی۔

ڈیوڈ وارنر نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور لگاتار دوسرے میچ میں سنچری اسکور کی اور کیریئر میں 23ویں مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود لبوشین نے بھی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لگاتار دوسری سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس دوران پاکستانی باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے اور خصوصاً دن کے آخری سیشن میں وارنر اور لبوشین نے باآسانی رنز اسکور کیے۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302رنز بنائے تھے، دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کے لیے 294 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں جہاں وارنر 166 اور لبوشین 126 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

پاکستانی باؤلرز کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے سوا کوئی اور باؤلر وکٹ نہ لے سکا اور آسٹریلیا نے دن میں 73 اوورز کے کھیل میں 4رن فی اوور سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے۔

مارنس لبوشین کا سنچری کی تکمیل کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
مارنس لبوشین کا سنچری کی تکمیل کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

یاسر شاہ اب تک 14اوورز میں 87رنز جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد موسیٰ بھی اب تک 13 اوورز میں 71 رنز دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ میچ ہے، جس میں 'پنک بال' استعمال کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پانچوں دن بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسیٹ سیریز کے آخری میچ کے لیے حارث سہیل، نسیم شاہ اور عمران خان جونیئر کو ڈراپ کرتے ہوئے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ حریف ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

قومی ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ اوپننگ بلے باز امام الحق جبکہ محمد عباس اور محمد موسیٰ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: برسبین: آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز، 5 رنز سے شکست دے دی

دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں شامل 19سالہ موسیٰ خان آسٹریلیا کے خلاف اپنا ڈیبیو کررہے ہیں۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ محمد عباس اور موسیٰ خان کے ساتھ ساتھ امام الحق یا عابد علی میں سے کوئی ایک شان مسعود کے ہمراہ اننگز کا آغاز کرے گا۔

اظہر نے ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ محمد عباس بہترین کنٹرول کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہیں اور وہ اپنے بہترین ردھم میں واپس آ گئے ہیں جس کے بعد ہمیں ان سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں حارث سہیل دونوں اننگز میں بری طرح ناکام ہوئے تھے جس کے بعد ان کو میچ سے ڈراپ کر کے امام الحق سے اننگز کا آغاز کرائے جانے کا فیصلہ کیا تھا اور کپتان اظہر علی خود نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔

خیال رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئیں اور آسٹریلیا نے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی تھی۔

اگر پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں بھی شکست سے دوچار ہوتی ہے تو یہ گرین شرٹس کو آسٹریلوی سرزمین پر لگاتار پانچواں کلین سوئپ ہوگا جہاں فتح تو دور پاکستانی ٹیم گزشتہ 20 سال میں کوئی ٹیسٹ میچ ڈرا بھی کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے گی۔

اسکواڈ

پاکستان: امام الحق، شان مسعود، اظہر علی(کپتان)، اسد شفیق، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد موسی، محمد عباس

آسٹریلیا: ڈیوڈ وارنر، جوئے برنس، مارنس ، اسٹیون اسمتھ، میتھیو ویڈ، ٹریوس ہیڈ، ٹم پین (کپتان)، پیٹ کمنز،مچل اسٹارک، ناتھن لیون، جوش ہیزل ووڈ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024