اداکارہ کی ہدایت کار کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی شکایت درج
فرانس کی کامیاب اداکارہ اڈیل ہینیل نے رواں ماہ نامور ہدایت کار کرسٹوف روجیا پر ان کی نوجوانی میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پوری فرانس کی فلمی دنیا کو حیران کردیا تھا اور اب اداکارہ نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروا دی۔
انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق اڈیل ہینیل نے پولیس میں درج کردہ شکایت میں ہدایت کار کرسٹوف پر الزام لگایا کہ ہدایت کار نے انہیں اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب ان کی عمر 12 سے 15 سال تھی۔
اداکارہ کے وکیل کے مطابق اڈیل کا ماننا ہے کہ دنیا کے سامنے یہ حیران کن حقائق سامنے لانے کے بعد یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ باقاعدہ شکایت درج کروائیں۔
مزید پڑھیں: نامور فرانسیسی اداکارہ کا ہدایت کار پر جنسی ہراسانی کا الزام
اس سے قبل اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ کبھی بھی اس حوالے سے کوئی قانونی کاروائی نہیں کریں گی جس کی وجہ یہ تھی خواتین کو قانونی کاروائی کے دوران متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ اڈیل نے 4 نومبر کو میڈیا پارٹ نیوز نامی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی پہلی فلم کے ہدایت کار نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔
انہوں نے کرسٹوف روجیا پر الزام لگایا تھا کہ کرسٹوف نے 15 سال کی عمر میں انہیں بوسہ دینے کی کوشش کی تھی۔
میڈیا پارٹ کی جانب سے کی گئی تفتیش کے بعد تقریباً 30 گواہان نے بتایا کہ کرسٹوف روجیا کو اس نوجوان اداکارہ کے ساتھ رہنے کا جنون ہوگیا تھا، سیٹ پر موجود دیگر اداکار اور تکنیکی ماہرین بھی اس ماحول سے پریشان تھے۔
اداکارہ کی جانب سے ہدایت کار پر لگائے گئے ان الزامات کے بعد انہیں فرانس فلم سوسائٹی میں دیے گئے متعدد عہدوں سے برطرف کردیا گیا تھا۔