پنجاب میں انتظامی تبدیلیاں: آئی جی اور چیف سیکریٹری کے تبادلے

شائع November 26, 2019 اپ ڈیٹ November 27, 2019
کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو رواں برس ہی آئی جی تعینات کیا گیا تھا — فائل فوٹو / ڈان
کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو رواں برس ہی آئی جی تعینات کیا گیا تھا — فائل فوٹو / ڈان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے ایک روز بعد ہی پنجاب میں اعلیٰ سطح پر انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور چیف سیکریٹری کو ہٹادیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور تاحکم ثانی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جس پر فوری عمل ہوگا۔

وفاقی حکومت نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن میں منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر تعینات گریڈ 21 کے افسر شعیب دستگیر کو تبدیل کرکے صوبائی پولیس افسر (آئی جی) حکومت پنجاب تعینات کردیا اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 اپریل 2019 کو امجد جاوید سلیمی کو ہٹا کر کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو نیا آئی جی پنجاب مقرر کیا تھا جو اس عہدے پر ان کی دوسری تقرری تھی۔

مزید پڑھیں:امجد جاوید سلیمی کا تبادلہ، عارف نواز دوسری مرتبہ آئی جی پنجاب تعینات

کیپٹن (ر) عارف نواز کو 25 جولائی 2017 کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اس وقت کے قائم مقام آئی جی عثمان خٹک کو مستقل آئی جی بنانے کا نوٹی فکیشن معطل کیے جانے کے بعد آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ ایک برس کے دوران متعدد مرتبہ آئی پنجاب کو تبدیل کیا جس پر انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں حکومت نے ایک ماہ میں دوسری مرتبہ تبدیلی کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی کو 9 اکتوبر 2018 کو محمد طاہر کی جگہ آئی جی پنجاب تعینات کردیا تھا۔

بعد ازاں چیئرمین پنجاب پولیس ریفارمز کمیشن ناصر درانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سابق آئی جی خیبر پختونخوا (کے پی) ناصر درانی نے استعفیٰ ممکنہ طور پر آئی جی پنجاب طاہر خان کے تبادلے کے باعث دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی جی پنجاب ایک ماہ بعد ہی تبدیل،امجد جاوید سلیمی نئے پولیس سربراہ تعینات

امجد جاوید سلیمی کو اپریل 2019 میں آئی جی کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا اور عارف نواز خان کو دوسری مرتبہ آئی جی پنجاب تعینات کردیا گیا تھا۔

میجر (ر) اعظم سلیمان خان چیف سیکریٹری پنجاب تعینات

وفاقی حکومت نے پنجاب کے چیف سیکریٹری یوسف نسیم کھوکھر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ سیکریٹری داخلہ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کو نیا چیف سیکریٹری پنجاب تعینات کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی بطور چیف سیکریٹری پنجاب تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 22 کے افسر میجر (ر) اعظم سلیمان خان کو حکومت پنجاب میں چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:'وزیراعلیٰ سے اختلافات'، آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کا تبادلہ

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ تین روز کے دوران دو ملاقاتیں کی تھیں جس کے بعد پنجاب میں انتظامی تبدیلوں کا آغاز کردیا گیا اور صوبے میں سول بیوروکریسی کے سب سے بڑے عہدوں میں نئی تعیناتیاں کردی گئی ہیں۔

یوسف نسیم کھوکھر کو اکتوبر 2018 میں چیف سیکریٹری پنجاب کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا تاہم اب انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے نئے چیف سیکریٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان سیکریٹری داخلہ کے طور پر وفاق میں تعینات تھے، اس سے قبل وہ چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری داخلہ پنجاب سمیت دیگر اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025