• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ٹڈی دل پر قابو پانے کیلئے 50 کروڑ روپے مختص

شائع November 22, 2019
جن علاقوں میں ٹڈی دل کی بڑی تعداد موجود تھی وہاں فضائی اسپرے کے لیے طیاروں کا استعمال کیا گیا— فائل فوٹو: اکبر نوتیزئی
جن علاقوں میں ٹڈی دل کی بڑی تعداد موجود تھی وہاں فضائی اسپرے کے لیے طیاروں کا استعمال کیا گیا— فائل فوٹو: اکبر نوتیزئی

اسلام آباد: وزارت برائے تحفظ خوراک اور تحقیق نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں صحرائی ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک لاکھ ٹن کیڑے مار دوا بھی درآمد کی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری برائے قومی خوراک تحفظ و تحقیق ہاشم پوپلزئی نے قائمہ کمیٹی برائے تحفظ خوراک کو وفاقی حکومت کی جانب سے دونوں صوبوں میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں ٹڈی دل کی بڑی تعداد موجود تھی وہاں فضائی اسپرے کے لیے طیاروں کا استعمال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: گھوٹکی میں ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے کاشتکاروں نے کمر کس لی

سیکریٹری نے بتایا کہ ٹڈیوں نے متاثرہ علاقوں میں انڈے دیے تھے اور 2 سے 3 سال وہاں ان کے لاروا موجود رہنے کا امکان ہے۔

وزارت تحفظ خوراک اور تحقیق کے مطابق شعبہ تحفظ نباتات کی کنٹرول ٹیموں نے ایک لاکھ 31 ہزار ایک سو ہیکڑ رقبے پر پھیلے علاقے کو کلیئر کیا ہے، جس میں سے سندھ اور بلوچستان میں 5 ہزار ہیکڑ علاقے کو اب تک ایک لاکھ 15 ہزار 4 سو 55 لیٹر کیڑے مار ادویات کے فضائی اسپرے سے کلیئر کیا گیا جبکہ تمام متاثرہ علاقوں میں ٹڈی دل پر قابو پانے سے متعلق آپریشن جاری ہے۔

علاوہ ازیں شعبہ تحفظ نباتات نے 20نومبر تک ٹڈیوں پر قابو پانے کے لیے ضلع بینظیرآباد کے ایک ہزار ہیکڑ علاقے میں فضائی اسپرے کیا، ساتھ ہی سندھ میں ٹڈیوں کے خلاف موثر فضائی آپریشن کے لیے ایک اور طیارہ تعینات کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹڈی دل سے خوراک کی فصلوں کو کوئی خطرہ نہیں، وزارت تحفظ خوراک

شعبہ تحفظ نباتات کے پاس کیڑے مار دوا میلاتھیون کا کافی ذخیرہ موجود ہے اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے موثر اور بہتر ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک اور زراعت کے مطابق ٹڈی دل بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی جانب ہجرت کریں گے اور محکمے نے بلوچستان میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا ایکشن پلان تیار کرلیا ہے۔

شعبہ تحفظ نباتات ضرورت پڑنے پر بلوچستان میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے فضائی آپریشن میں اپنا طیارہ بھیجنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024