• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر کھلاڑی بن گئے

شائع November 21, 2019 اپ ڈیٹ November 23, 2019
نسیم شاہ 16 سال کی عمر میں آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے—فوٹو:اے ایف پی
نسیم شاہ 16 سال کی عمر میں آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے—فوٹو:اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے قبل 16 سالہ نسیم شاہ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی، اس موقع پر نوجوان فاسٹ باؤلر کی آنکھیں نم ہوگئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا اور انہوں نے اپنا ٹور جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تدفین میں شرکت نہیں کی تھی۔

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 16 سالہ نسیم شاہ کو حتمی الیون میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قبل ازیں برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی نے کہا تھا کہ ‘ہم حتمی ٹیم کا اعلان صبح کریں گے لیکن نسیم شاہ اس ٹیم کا حصہ ہوں گے کیونکہ وہ بہترین باؤلنگ کررہے ہیں’۔

اظہرعلی نے کہا کہ ‘اس معیار تک ہرکھلاڑی اتنی جلدی نہیں پہنچ سکتا لیکن چند ایسے ہوتے ہیں جو اس قدر باصلاحیت ہوتے ہیں اور وہ ان میں سے ایک ہے’۔

مزید پڑھیں:رکی پونٹنگ نے آسٹریلین باؤلرز کو بابر اعظم کے خطرے سے خبردار کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم سب ان کے کامیاب کیریئر کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں’۔

سیریز کے پہلے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں نوجوان باؤلر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘جب پہلی مرتبہ میں نے ان کو دیکھا تو میں حیران ہوگیا تھا کیونکہ باؤلنگ پر ان کی گرفت تھی اور پیس بھی تھا اور ان سے اہم ٹمپرمنٹ ہے اور انہیں باؤلنگ کراتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے’۔

آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ کے حوالے سے اظہر علی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں انہیں نوجوان باؤلر کے طور پر تحفظ کی ضرورت نہیں پڑے گی جبکہ میچ کے لیے وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے فرسٹ کلاس میں میری کپتانی میں کھیلا ہے اس لیے مجھے ان کی باؤلنگ اور فٹنس پر کوئی شک نہیں ہے’۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ ‘ جب ٹیم میں آئے تھے کسی حد تک شرمیلے تھے’ لیکن وہ انٹرنیشنل کیریئر کے لیے پرعزم ہیں حالانکہ اس سیریز سے قبل ہی ان کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مصباح نے باؤلرز کو اسمتھ کی کمزوریوں کو نشانہ بنانے کا ہدف دیدیا

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ‘ان کی والدہ کا انتقال گزشتہ ہفتے ہوا ہے جو ان کے لیے بہت مشکل مرحلہ ہے لیکن اگلے ہی روز انہوں نے باؤلنگ کی جو ہمارے لیے بھی بڑی مشکل چیز تھی’۔

آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر کھلاڑی کا ریکارڈ آئن کریگ کے پاس ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 1953 میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 17 برس کی عمر میں قائم کیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان نے اچھی تیاری کی ہے اور سائیڈ میچوں میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

نسیم شاہ کے علاوہ لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ بیٹنگ میں کپتان اظہرعلی کے علاوہ نائب کپتان اسد شفیق اور شان مسعود کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان بھی اہم ہیں تاہم حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے پہلے کردیا جائے گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچ ہوں گے پہلا میچ 21 نومبر سے 25 تک برسبین اور دوسرا میچ ایڈیلیڈ میں 29 نومبر سے 3 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024