• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: مختلف حادثات میں 23 افراد ہلاک، 50 زخمی

شائع November 20, 2019
2 ریس لگاتی گاڑیوں کے پلٹنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ 10 خواتین سمیت 40 افراد شدید زخمی ہوئے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
2 ریس لگاتی گاڑیوں کے پلٹنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ 10 خواتین سمیت 40 افراد شدید زخمی ہوئے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ پنجاب کے شہروں قصور، مظفر گڑھ اور ساہیوال میں ہونے والے مختلف حادثات میں 23 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔

قصور میں فیروز پور روڈ پر بھلو اسٹاپ کے نزدیک 2 ریس لگاتی گاڑیوں کے پلٹنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ 10 خواتین سمیت 40 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زیادہ تر مسافر سرکاری ملازمین، مزدور اور فیکٹری ملازم تھے جو لاہور میں اپنے کام کے مقامات پر جانے کے لیے گاڑیوں میں سوار تھے۔

دونوں گاڑیاں لاہور جارہی تھیں جب بھلو اسٹاپ کے نزدیک ٹکرا کر پلٹ گئیں، عینی شاہدین کے مطابق دونوں گاڑیاں ریس لگارہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: 2 ٹریفک حادثوں میں 13 افراد جاں بحق، 35 زخمی

حادثے کے بعد جائے وقوع پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور زخمیوں کو نکالنا شروع کیا جس کے بعد ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق طارق علی، واجد حسین اور عرفان علی نامی 3 مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ عبدالعزیز، ناصر علی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے لاہور جنرل ہسپتال روانہ کیا گیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔

ریسکیوں اہلکاروں نے مزید بتایا کہ 10 خواتین سمیت 40 سے زائد مسافر شدید زخمی ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا جہاں حادثے کی سنگینی کے پیشِ نظر ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی تھی۔

زخمیوں میں نسرین بی بی، رضیہ، رخسانہ، حبیبہ، سکینہ، صائمہ بی بی، زینت، ریحانہ، اقرا، شکیلہ، خالد، طالب، طیب، سرور، عادل، طاہر، نذر محمد، آفتاب، وقاص، عمران اور شعیب شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ہر پانچ منٹ میں ایک شخص روڈ حادثے کا شکار

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

صوبائی وزیر اسد کھوکھر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی جبکہ پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مقامی افراد کے مطابق فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی بدتر صورتحال اور گاڑیوں کی تیز رفتاری روکنے کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

دوسری جانب مظفر گڑھ شہر سے 30 کلومیٹر دور علی پور میں ایک ٹریفک حادثے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: سوات میں ڈیڑھ سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق

مقامی افراد نے بتایا کہ ملتان جانے والی مسافر وین، علی پور جانے والے ایک منی ٹرک سے ٹکرائی جس پر انگور لدے تھے، وین ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوا کو بچانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وین ٹرک سے جا ٹکرائی اور 8 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ریسکیو 1122 نے لاشوں اور زخمیوں کو روحلن ولی ہسپتال منتقل کیا۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت اسمٰعیل، محمد ارشاد، ولی محمد، شبیر خان، غلام یٰسین، اللہ بچایا، حاجی اللہ بخش اور محمد اقبال کے نام سے ہوئی جبکہ مرنے والوں میں ٹرک اور وین ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔

ادھر ساہیوال میں پاک پتن تا عارف والا روڈ پر ایک ڈمپر کے ملتان جانے والی کوسٹر کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔

ڈمپر پر بھٹے کی اینٹیں لدی ہوئی تھیں، حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ سرور، 35 سالہ عمردراز، 35 سالہ محمد حفیظ، 45 سالہ مقبول احمد، 35 سالہ شوکت علی، 40 سالہ زرین عباس، 42 سالہ وزیراں بی بی، 35 سالہ رابعہ بی بی اور 10 سالہ نامعلوم لڑکا ہلاک ہوا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


یہ خبر 20 نومبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024