• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

رکی پونٹنگ نے آسٹریلین باؤلرز کو بابر اعظم کے خطرے سے خبردار کردیا

شائع November 20, 2019 اپ ڈیٹ November 22, 2019
آسٹریلیا اے کے خلاف پریکٹس میچ میں بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کی تھیں— فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا
آسٹریلیا اے کے خلاف پریکٹس میچ میں بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کی تھیں— فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

سابق عظیم آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بابر اعظم کو خطرہ قرار دیتے ہوئے آسٹریلوی باؤلرز کو خبردار کردیا ہے۔

بابر اعظم اس وقت ٹی20 کے عالمی نمبر ایک اور ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں تیسرے بہترین بلے باز ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 35 کی اوسط کے باوجود رکی پونٹنگ نے انہیں ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکی پونٹنگ نے کہا کہ ہم نے ابھی تک بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی نہیں دیکھی، ان کی کم و بیش 20 ٹیسٹ کھیل کر تقریباً 35 کی اوسط ہے لیکن وہ اس سے بہتر کرکٹر ہیں، ان کا ون ڈے میں ایوریج 54 اور اسٹرائیک ریٹ 90 کا ہے۔

سابق آسٹریلین کپتان نے بابر اعظم کو بہترین کلاس کا حامل بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور اس سیزن میں بابر ہی وہ بلے باز ہوں گے جن کی بیٹنگ پر میری نظریں سب سے زیادہ مرکوز ہوں گی، میں نے کئی آسٹریلین اور کیوی کرکٹر دیکھے ہیں لیکن بابر کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 21نومبر سے برسبین میں ہوگا اور بابر اعظم آسٹریلیا اے کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ میں 157 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی فارم کا ثبوت دے چکے ہیں۔

وہ 3 سال قبل آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے لیکن انہیں سابق دورے میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا خصوصاً وہ اکثر مواقع پر جوش ہیزل وُڈ کو وکٹ دے بیٹھے تھے۔

اس موقع پر رکی پونٹنگ نے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو ٹیسٹ میچوں میں بابر اعظم کی کامیابی کا گُر بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں نئی گیند سے دور رکھا جائے اور جب گیند پرانا ہو جائے گی تو وہ بہت موثر ثابت ہوں گے۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ پاکستان نے انہیں اس سے قبل تیسرے نمبر پر آزمایا لیکن یہ طریقہ کامیاب نہ ہو سکا لہٰذا میرا مشورہ ہوگا کہ انہیں آسٹریلیا میں نئی گیند سے دور رکھیں کیونکہ میرے خیال میں اسی طرح سے آپ ان کی بہترین کارکردگی حاصل کر سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024