جنید خان نے اپنی پہلی فلم 'کہے دل جدھر' کا اعلان کردیا
پاکستان کے نامور اداکار جنید خان اب تک ٹیلی ویژن کے کئی بہترین ڈراموں میں کام کرچکے ہیں، البتہ اداکار نے اب تک کسی فلم میں بھی کام نہیں کیا تھا۔
گزشتہ ماہ جنید خان نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک فلم پر کام کررہے ہیں جو سال 2020 میں ریلیز ہوگی۔
مزید پڑھیں: بولی وڈ کی یہ کامیاب فلم جنید خان کو بھی آفر ہوئی
اس سے قبل ستمبر میں بھی جنید خان نے ایک انٹرویو کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ 'کہے دل جدھر' نامی فلم میں کام کررہے ہیں جس میں منشا پاشا بھی مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
اور اب آخر کار اداکار نے اپنی پہلی فلم کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
فلم کے پوسٹر میں چار افراد سمندر کے کنارے ہاتھ اٹھائے موجود ہیں، جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ فلم چار دوستوں کی رومانوی کہانی پر مبنی ہوگی۔
پوسٹر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ جنید خان نے لکھا کہ 'یہ میرے لیے بہت خاص ہے، سلور اسکرین پر میری پہلی فلم، میں نے وقت نکال کر ایک اسکرپٹ کا انتخاب کیا، میں خوش ہوں کہ اتنی بہترین ٹیم کے ساتھ میں نے اپنی پہلی فلم میں کام کیا، میں نروس ہونے کے ساتھ ساتھ بےحد پرجوش بھی ہوں'۔
وجدان پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی ہدایات جلال رومی دے رہے ہیں۔
فلم کی کہانی کامران باری نے تحریر کی جبکہ اس کی کاسٹ میں ساجد حسن بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ڈان کو دیے ایک انٹرویو میں منشا پاشا نے بتایا تھا کہ 'کہے دل جدھر‘ ایک منفرد فلم ہوگی اور انہوں نے آج تک ایسی فلم نہیں دیکھی اور نہ ہی اس طرح کا کوئی کام کیا ہے۔
منشا پاشا کے مطابق ’کہے دل جدھر‘ ایک کمرشل فلم ہے جو ان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
منشا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جنید خان کے ساتھ آئٹم سانگ پر پرفارمنس بھی کرتی دکھائی دیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’کہے دل جدھر‘ منشا پاشا اور جنید خان کی رومانوی کہانی
دوسری جانب جنید خان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ’کہے دل جدھر‘ کی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اس سے قبل بھی منشا پاشا کے ساتھ مختلف کام کر چکے ہیں، تاہم اس مرتبہ انہیں منفرد تجربہ ہوا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے فلم کے ہدایت کار کی بھی تعریف کی تھی اور بتایا کہ جلال الدین رومی کو زیادہ تر لوگ میوزک ڈائریکٹر کے طور پر جانتے ہیں، تاہم انہوں نے اس فلم میں بہت محنت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ٹیم سے بھی محنت کروائی ہے۔