• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وفاقی کابینہ میں ردو بدل، اسد عمر کو وزیر منصوبہ بندی بنانے کا فیصلہ

شائع November 18, 2019 اپ ڈیٹ November 19, 2019
اسد عمر نے اپریل میں استعفیٰ دیا تھا—فائل/فوٹو:اے ایف پی
اسد عمر نے اپریل میں استعفیٰ دیا تھا—فائل/فوٹو:اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کا فیصلہ کیا گیا اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو دوبارہ وزارت دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ‘وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل، اسد عمر کو منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات جبکہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس ضمن میں نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائے گا’۔

یاد رہے کہ اسد عمر نے رواں برس مالی سال 20-2019 کا بجٹ پیش کرنے سے پہلے ہی 18 اپریل کو وزارت خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اسد عمر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ توانائی کا قلم دان سنبھال لوں، لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا۔

مزید پڑھیں:اسد عمر وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ نے ایک ایسے موقع پر استعفیٰ دیا تھا جب حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول کے لیے مذاکرات کر رہی تھی اور مالی سال کا بجٹ بھی پیش کیا جانا تھا۔

اسد عمر نے اپنے بیانات میں واضح کیا تھا کہ وزیر اعظم کے کہنے کے باوجود وزارت لینے سے انکار کردیا ہے تاہم اب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے انہیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات بنانے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے رواں برس جنوری میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع کیے گئے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے متعدد منصوبے ملتوی کردیے تھے اور سرکاری ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چلنے والے مزید منصوبوں پر کام روک دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

خسرو بختیار کی موجودگی میں رواں برس اگست میں حکومت نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سی پیک اتھارٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا میں ان کی وزارت کے دوران سی پیک کے تحت منصوبوں کی رفتار میں سست روی کی رپورٹس گردش کر رہی تھیں تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تمام منصوبے خصوصاً شعبہ توانائی کے منصوبے فعال ہیں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق منفی موقف کی تردید کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی سمیت سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔

خسرو بختیار اب معاون خصوصی کے بیان کے مطابق پیٹرولیم کی وزارت سنبھالیں گے جو اس سے قبل وزیر توانائی عمر ایوب کے پاس تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024