• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزارت داخلہ نے نواز شریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

شائع November 18, 2019 اپ ڈیٹ November 19, 2019
یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے، وزارت داخلہ — فائل فوٹو / اے پی پی
یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے، وزارت داخلہ — فائل فوٹو / اے پی پی

وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ایک بار علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ 'عبوری انتظام کے ذریعے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے چار ہفتے کی مدت کے لیے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔'

وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے جہاں نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف نے حلف نامے جمع کرائے تھے۔

ایئر ایمبولینس کو کلیئرنس مل گئی

دوسری جانب حکومتی کلیئرنس ملنے کے بعد قطر ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لے جانے کے لیے منگل کی صبح 8 بجکر 45 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سول ایوی ایشن انتظامیہ کو ایئر ایمبولینس کی اطلاع دے دی۔

ذرائع نے کہا کہ نواز شریف گاڑی کے ذریعے ایئرپورٹ جائیں گے جہاں سے ایئر ایمبولینس انہیں ساڑھے 10 بجے لے کر واپس روانہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف منگل کو علاج کیلئے لندن روانہ ہوں گے، مریم اورنگزیب

لاہور ایئرپورٹ نے ایئر ایمبولینس کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کے شرط کو مسترد کیا جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بیان حلفی پر انہیں علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی۔

عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے لگائے گئے 7 ارب روپے کے بونڈ کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے تو اس شرط کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو نظام نے بہت زیادہ ریلیف دیا، اٹارنی جنرل

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف منگل کو بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسٹیرائڈ کی ہائی ڈوز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ پلیٹلیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024