• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

حکومت اور شریف خاندان کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی، شیخ رشید

شائع November 18, 2019
حکومت ضمانتی بانڈ جمع کروائے بغیر نواز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دینا چاہتی تھی
— فوٹو: ڈان نیوز
حکومت ضمانتی بانڈ جمع کروائے بغیر نواز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دینا چاہتی تھی — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے حکومت اور شریف خاندان کے درمیان کسی سیاسی ڈیل کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے کسی کی جیت ہوئی نہ ہی کسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

راولپنڈی سے اٹک جانے والی اسٹیم انجن سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ 'پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ضمانتی بانڈ جمع کروائے بغیر نواز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دینا چاہتی تھی لیکن لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ریلیف دیا جو دونوں جماعتوں میں سے کسی کی نہ جیت ہے اور نہ ہی ہار ہے'۔

واضح رہے کہ اسٹیم انجن سفاری ٹرین میں برطانیہ، جاپان، امریکا، اٹلی اور جرمنی سے آئے سیاحوں نے سفر کیا، ٹرین کا مقصد دنیا کو پاکستان کی ثقافت، تہذیب، ورثے اور خوبصورت مقامات دکھانا ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے میں کسی نے کوئی کردار ادا نہیں کیا، یہ صرف لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ: حکومت کی شرط مسترد، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی سیاسیت کے اچھے دن آئیں گے اور آئندہ برس 15 جنوری تک سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'شریف خاندان کنجوس ہے، وہ جب سعودی عرب گئے تھے تب بھی پیسے نہیں دیے تھے، وہ حمزہ شہباز کو ضمانت کے طور پر چھوڑ گئے تھے'، ساتھ ہی انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو نواز شریف کو جانے دینا چاہیے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس اسٹاک ایکسچینج کی طرح اوپر اور نیچے جارہے ہیں اور وہ کئی دن ایک تھرمامیٹر لے کر الیکٹرانک میڈیا پر موجود ہیں اور لوگوں کی توجہ ہٹارہے ہیں۔

انہوں نے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جائیں گے۔

دوران گفتگو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے دھرنا ختم کرکے عقلمندانہ اور بروقت فیصلہ کیا کیونکہ اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔

شیخ رشید نے کہا کہ 'دھرنے کا وقت ٹھیک نہیں تھا، سیاست اور جنگ میں وقت اہم ہے، مولانا فضل الرحمٰن نے احتجاج کے لیے صحیح وقت کا انتخاب نہیں کیا'۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری 5 کیسز میں ملوث ہیں اور 5 لوگ پلی بارگین کی کوشش کررہے تھے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، پاکستان اپنی مختلف ثقافت اور قدیم تہذیب کے ساتھ ایک خوبصورت ملک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'حکومت 7 ارب کے ضمانتی کاغذ پر نواز شریف کی توہین کرنا چاہتی ہے'

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے اور نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، تاہم روز مرہ کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کا نتیجہ ہے۔

وزیر ریلوے نے سانحہ تیز گام میں جانوں کے ضیاع پر مذمت کی اور تبلیغی جماعت کی جانب سے اپنے شرکا پر ٹرین کے سفر کے دوران گیس کے چولہے لے جانے پر پابندی عائد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اسٹیم انجن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہم نے 100 سال پرانا اسٹیم انجن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ میں آسٹریا، اٹلی اور جاپان کے لوگوں اور ان انجنوں میں بہتری سے متعلق تجاویز پر ان کا مشکور ہوں'۔


یہ خبر 18 نومبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024