• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کردیا

شائع November 18, 2019
ترجمان دفترخارجہ نے کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کاعزم دہرایا—فائل/فوٹو:پی آئی ڈی
ترجمان دفترخارجہ نے کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کاعزم دہرایا—فائل/فوٹو:پی آئی ڈی

پاکستان نے بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کو تشدد پسند پارٹی کے ایجنڈے پر گامزن قرار دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سبرامینیم جے شنکر کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن کے حوالے سے دیے گئے بیان کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ ہم بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتے ہیں جو انہوں نے فرانسیسی اخبار اور دیگر مخصوص میڈیا اداروں کو انٹرویو کے دوران دیا’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘انٹرویو بھارت اور بی جے پی حکومت کی پاکستان مخالف مکروہ مہم کی ایک اور مثال ہے، بی جے پی، آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے اور نسل پرستی کے ایجنڈے پر گامزن ہے’۔

بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘بھارت کے اعلیٰ عہدیدار پروپیگنڈا مہم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتی ہے اور حقائق کو مسلسل مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔

مزید پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: محاصرے میں سسکتی زندگی کے 100روز

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ‘بھارت مذموم مقاصد کے لیے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو دہشت گردی سے جوڑ رہا ہے حالانکہ کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا حقیقی چہرہ ہے’۔

پاکستان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہائیوں سے ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کی آواز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کے مطالبے کو دبانے میں ناکامی پر بھارت کی بوکھلاہٹ عیاں ہے’۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ‘بھارت اقلیتوں کے لیے نفرت اور نفرت انگیز جرائم پھیلانے والوں کی جنت بن چکا ہے، جہاں انتہا پسندوں اور نفرت پھیلانے والوں کو ریاست کی پشت پناہی حاصل ہے’۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورت حال معمول پر آنے کے حوالے سے بھارتی وزیر کا بیان گمراہ کن ہے اور سوال یہ ہے مقبوضہ علاقے میں معمول کی صورت حال بیرونی دنیا کو کیوں نظر نہیں آرہی ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے 12 گھنٹے میں 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے

انہوں نے کہا کہ ‘بھارت کو پاکستان مخالفت اور حقائق سے مسلسل پہلو تہی ترک کرنا ہو گی اور پاکستان کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا’۔

ترجمان نے کہا کہ ‘پاکستان عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع جموں و کشمیر کا پرامن حل نکالنے کا اپنا مطالبہ جاری رکھے گا، پاکستان بین السرحدی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے’۔

دفترخارجہ نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان علاقائی و عالمی سطح پر امن و خوش حالی کی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا’۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024