• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کے ٹرانسپورٹ پلان کیلئے 7 کروڑ ڈالر قرض منظور

شائع November 17, 2019
بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل کی مدت دسمبر 2023 طے کی گئی ہے — فائل فوٹو:  اے ایف پی
بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل کی مدت دسمبر 2023 طے کی گئی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) نے کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبے کے لیے 7 کروڑ 18 لاکھ 10 ہزار ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبے سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا موثر اور مستحکم نظام فراہم کیا جائے گا۔

ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے 11 نومبر کو بیجنگ میں اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں قرض کی منظوری دی۔

منصوبے میں 24.2 کلومیٹر ریڈلائن کا مرکزی کوریڈور، شہر کے وسط میں تمام بس ریپڈ ٹرانزٹ سے ضم ہوتا ہوا 2.4 کلومیٹر طویل کامن کوریڈور اور کوریڈور کو دیگر علاقوں سے ملانے کے لیے آف کوریڈور ڈائریکٹ اور فیڈر سروسز شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بی آر ٹی منصوبے کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض منظور

علاوہ ازیں اس میں بی آر ٹی آپریشنز کا قیام اور کمپریسڈ نیچرل گیس-ہائبرڈ فلیٹ اور سسٹمز کی خریداری بھی شامل ہے۔

فنانسنگ پلان کے مطابق منصوبے پر 50 کروڑ 33 لاکھ 30 ہزار ڈالر لاگت آئے گی جس میں سے ایشین ڈیولپمنٹ بینک 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کرے گا، فرنچ ڈیولمپنٹ ایجنسی 7 کروڑ 18 لاکھ 11 ہزار ڈالر، گرین کلائیمٹ فنڈ ایک کروڑ 18 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کے ساتھ 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور سندھ حکومت 7 کروڑ 57 لاکھ 11 ہزار ڈالر فراہم کرے گی۔

کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبہ آئندہ سال اگست میں شروع کیا جائے گا، جس سے موثر، محفظ اور کم وقت میں سفر سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئے گی جو اعلیٰ معیار، قابل رسائی اور سستی ٹرانسپورٹ فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریپڈ ٹرانزٹ بس سسٹم، کراچی کے شہری اذیت میں؟

بس ریپڈ ٹرانزٹ ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل کی مدت دسمبر 2023 طے کی گئی ہے۔

یہ امکان ہے کہ ٹرانسپورٹ کا نیا نظام 3 لاکھ 20 ہزار مسافروں کو روزانہ کی بنیاد پر سفر کی سہولت فراہم کرے گا، بی آر ٹی کوریڈور پر بس کمرشل کی اوسط رفتار میں 25 کلومیٹر فی گھنٹہ تک اضافہ کرے گا اور سی این جی ہائبرڈ بسوں کے استعمال سے گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں کمی لائے گا۔

کراچی کا ٹرانسپورٹیشن کا موجودہ نظام سفر کے طویل وقت، پرائیویٹ اور پیرا ٹرانزٹ طریقوں میں اضافے، ٹریفک کے کمزور انتظام اور پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کی وجہ سے اس مقصد کے لیے ٹھیک قرار نہیں دیا جاسکتا۔

شہر میں ٹرانسپورٹ سروسز غیر رسمی پیرا ٹرانزٹ وہیکلز اور 4 ہزار کے قریب نجی بسوں کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں جس سے روزانہ 28 لاکھ مسافر مستفید ہوتے ہیں۔

یہ غیر منظم سروسز بے قاعدہ ہیں جن میں شیڈول، اسٹاپس کی کمی ہیں اور صارفین کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں اور اپنی مرضی سے مسافروں کو بٹھاتے ہیں یا گاڑی بھرنے تک انتظار کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں گاڑیوں میں چڑھنا بزرگوں، بچوں اور جسمانی طور پر معذور افراد کے لیے چیلنجنگ ہے جبکہ مسافر عام طور پر چلتی ہوئی بسوں کی چھت پر بیٹھے یا ان پر لٹکے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Karachiite ENTHUSIAST Nov 17, 2019 11:53am
کراچی میں پبلک ٹرنسپورٹ کے لیے بہترین منصوبہ ہے، اگر اس میں مختلف ادارے آپس میں کمیشن کے چکر میں نہ پڑے اور لڑے تو عوام کے لیے یہ ایک نعمت سے کم سہولت نہ ہوگی،،۔۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024