گاڑی میں سفر کے دوران سرچکرانے یا جی متلانے کی شکایت ہوتی ہے؟
قدیم یونان اور روم میں بھی لوگ اس کے بارے میں جانتے تھے اور یہاں تک کہ امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس پر بات کی ہے، تو اگر آپ کو بھی اس انتہائی عام عارضے کا سامنا ہوتا ہے تو آپ بھی صدیوں پرانی روایت کا حصہ ہے۔
اور وہ عارضہ ہے موشن سکنس یا سفر کے دوران جی متلانا اور سرچکرانا وغیرہ۔
اس کے نتیجے میں متعدد افراد کو بس، گاڑی، ٹرین، طیارے یا امیوزمنٹ پارک رائیڈ میں متلی بلکہ کئی بار تو قے کا سامنا بھی ہوتا ہے اور ایک تحقیق میں تو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ تھری ڈی فلمیں بھی کچھ افراد کو اس کا شکار بناسکتی ہیں۔
درحقیقت سمندری سفر کے دوران جن افراد کی حالت بگڑتی ہے وہی کیفیت زمینی سفر کے دوران بھی لوگوں کی ہوسکتی ہے اور یہ دونوں ایک ہی بیماری ہے جسے سی سکنس بھی کہا جاتا ہے۔
اس کی وجہ کیا ہوتی ہے؟
موشن یا حرکت کو ہمارا دماغ اعصابی نظام کے مختلف راستوں جیسے کان کا اندرونی حصہ، آنکھیں اور جسمانی سطح کے ٹشوز وغیرہ کے ذریعے سمجھتا ہے، جب جسم دانستہ حرکت کرتا ہے جیسے ہم کہیں پیدل چلتے ہیں تو یہ تمام راستے دماغ سے تعاون کرتے ہیں۔
موشن سکنس کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب مرکزی اعصابی نظام کو عصبی نظام کو متضاد پیغامات ملتے ہیں یعنی جیسے ہم کسی جھولے میں بیٹھتے ہیں جو گول گھومتا اور مکمل الٹا ہوجاتا ہے تو ہماری آنکھیں ایک چیز دیکھتی ہیں، ہمارے مسلز کو کچھ اور محسوس ہوتا ہے جبکہ کان کے اندرونی حصے کا بالکل مختلف احساس ہوتا ہے۔
ہمارا دماغ اس طرح کے ملے جلے سگنلز کو برداشت نہیں کرپاتا اور اس کے نتیجے میں لوگ سرچکرانے، متلی اور قے وغیرہ کی شکایت کرتے ہیں۔
علامات
اس کی علامات درج ذیل ہیں:
متلی ہونا
قے ہونا
پسینہ آنا
چہرے پر پیلاہٹ
رال بہنا
سانس لینے میں مشکل
سر چکرانا
غنودگی طاری ہونا
اس کی دیگر نشانیاں یہ بھی ہوسکتی ہیں :
بے سکونی کا احساس
طبیعت خراب لگنا یا بے قراری
سردرد
جماہیاں
مگر یہ اچھی بات یہ ہے کہ یہ عارضہ اکثر زیادہ سنگین نہیں ہوتا اور اس سے بچنے کے لیے چند عام ٹوٹکے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
سامنے دیکھنا
ایک عام اور آسان حل تو یہی ہے کہ چلتی ہوئی گاڑی کی کھڑکی سے باہر اس سمت میں دیکھیں جس طرف یہ گاڑی سفر کررہی ہو، اس سے اندرونی حس کو توازن کے احساس کو بحال کرنے میں مدد مل سکے گی۔
آنکھیں بند کرکے کچھ دیر کی نیند
اگر رات کا وقت ہے یا کھڑکی سے سامنے دیکھنا مشکل ہے تو بہتر ہے کہ آنکھیں بند کرلیں یا اگر ممکن ہو تو کچھ دیر کے لیے سوجائیں۔ اس سے بھی آنکھوں اور کان کے اندرونی حصے کے درمیان تضاد پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
کچھ چبائیں
گاڑیوں میں سفر کے دوران متلی یا سرچکرانے سے بچنے کا ایک اور آسان طریقہ کچھ چبانا ہے، چیونگم اس حوالے سے زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے، مگر چیونگم ہی واحد ذریعہ نہیں، کچھ میٹھا کھانا یا کچھ بھی چبانا نظر اور توازن کے درمیان تصادم کے اثرات کو کم کردیتا ہے۔
ادرک
ادرک سے بھی اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے، ادرک کی کچھ مقدار چبانے سے طبیعت میں بہتری آسکتی ہے۔
پودینے سے بھی مدد لیں
پودینے کو کھانا بھی جسم کو پرسکون بناسکتا ہے، کم از کم اس کی مہک بھی ذہن کو پرسکون بنادیتی ہے۔
تازہ ہوا
تازہ ہوا میں گہری سانسیں لینے سے بھی سر چکرانے یا جی متلانے کے مسئلے میں کچھ کمی آجاتی ہے۔
بچنے کے طریقے
ہمیشہ ایسی پوزیشن میں بیٹھیں جس میں آنکھیں وہی حرکت دیکھیں جو جسم اور اندرونی کان محسوس کرے۔
گاڑی میں ایسے افراد کو فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر سامنے کی جانب دور کے منظر کو دیکھنا چاہیے۔
کشتی میں سفر کے دوران سامنے کی جانب دیکھیں۔
طیارے میں کھڑکی والی نشست پر بیٹھیں اور باہر دیکھیں، اگر ممکن ہو تو کھڑکی والی نشست لیں جو پروں کے ساتھ ہوتی ہے جس سے بھی یہ اثر کم ہوسکتا ہے۔
اگر موشن سکنس کا سامنا ہوتا ہے تو سفر کے دوران کچھ پڑھنے سے گریز کریں یا ایسی نشست پر مت بیٹھیں جس میں آپ کا چہرے کا رخ حرکت کے مخالف سمت میں ہو۔
اگر یہ مسئلہ اکثر درپیش ہوتا ہے تو سفر سے پہلے اور اس کے دوران تیز بو اور مصالحے دار یا چکنائی والی غذاﺅں سے گریز کریں۔
اس حوالے سے ادویات بھی موثر ثابت ہوسکتی ہیں مگر بہتر ہے کہ ان کا انتخاب ڈاکٹر کے مشورے سے کیا جائے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
عام طور پر یہ مسئلہ سفر ختم ہونے پر غائب ہوجاتا ہے، تاہم اگر سر چکرانے، سردرد، قے ہونے، سننے میں مشکل یا سینے میں درد کی شکایت ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
تبصرے (0) بند ہیں