• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹیلر سوئفٹ پر اپنے ہی پرانے گانوں پر پرفارم کرنے پر پابندی

شائع November 15, 2019
فوٹو/ ڈبلیو میگزین
فوٹو/ ڈبلیو میگزین

ٹیلر سوئفٹ کا شمار صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہترین گلوکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے۔

گلوکارہ بہت جلد امریکن میوزک ایوارڈز میں پرفارم کرنے والی ہیں اور اس پرفارمنس کے لیے انہوں نے اپنے ماضی کے تمام ہٹ گانے گانے کا ارادہ کیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیلر سوئفٹ کی زندگی پر نیٹ فلکس کی ایک ڈاکیومنٹری بھی بننے جارہی ہے، تاہم حال ہی میں سامنے آئی رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کی پرفارمنس اور ان کی یہ ڈاکیومنٹری دونوں ہی خطرے میں پڑ چکی ہیں۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کو اپنے ماضی میں ریلیز ہوئے تمام گانوں پر اب پرفارم کرنے کی اجازت نہیں جس کی وجہ ان کا میوزک مینجرز اسکوٹر براؤن اور اسکاٹ بورچیٹ کے ساتھ سامنے آنے والا تنازع ہے۔

گلوکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں سے بھی شیئر کیا کہ اسکوٹر براؤن اور اسکاٹ بورچیٹ کو ان کے ماضی میں سامنے آئے تمام البمز کے حقوق حاصل ہیں، جنہوں نے اب گلوکارہ پر ان تمام گانوں کو پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی جلد منعقد ہونے والے امریکن میوزک ایوارڈز کی پرفارمنس بھی مشکل میں پڑ چکی ہے۔

امریکن میوزک ایوارڈز کے دوران گلوکارہ کو صدی کی بہترین فنکارہ کا ایوارڈ بھی دیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ کا شمار کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام
ٹیلر سوئفٹ کا شمار کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام

ٹیلر سوئفٹ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں یہ بھی بتایا کہ نیٹ فلکس گزشتہ تین سالوں سے ان کی زندگی پر مبنی ڈاکیومنٹری پر کام کررہی ہے۔

اس پر گلوکارہ نے لکھا کہ 'میں یہ اتنی بڑی خبر اس طرح سب کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتی تھی، گزشتہ تین سالوں سے نیٹ فلکس کی اس ڈاکیومنٹری پر کام جاری ہے، لیکن اب مجھ پر لگائی پابندی کہ باعث میری ڈاکیومنٹری بھی متاثر ہورہی ہے، مجھ پر پابندی لگائی گئی ہے کہ میں اپنے خود کے لکھے گانے نہیں گا سکتی اور نا ہی وہ استعمال کیے جاسکتے ہیں'۔

واضح رہے کہ دونوں میوزک منیجرز اور ٹیلر سوئفٹ کے درمیان تنازع کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب ٹیلر سوئفٹ نے میوزک بگ مشین لیبل گروپ کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔

اسکاٹ بورچیٹ اس کمپنی کے بانی ہیں، جنہوں نے ٹیلر سوئفٹ کو 14 سال کی عمر میں اپنے گروپ کے ساتھ سائن کیا تھا۔

ان کے ساتھ مل کر ٹیلر سوئفٹ نے 6 میوزک البم ریکارڈ کیے، بعدازاں اسکاٹ بورچیٹ نے اپنی کمپنی اسکوٹر براؤن کو فروخت کردی۔

گلوکارہ نے لکھا کہ 'جب میں نے فیصلہ کیا کہ میں ایوارڈز میں اپنے تمام کامیاب گانوں پر پرفارم کروں گی تو دونوں منیجرز نے مجھے بتایا کہ مجھے اپنے ہی گانے دوبارہ گانے کی اجازت نہیں ہے'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'ان دونوں نے میری ڈاکیومنٹری کے لیے بھی میرے میوزک کے استعمال سے منع کیا جبکہ فلم میں کہیں بھی ان دونوں کا یا کمپنی کا نام شامل نہیں کیا جائے گا'۔

ٹیلر سوئفٹ نے دعویٰ کیا کہ اسکاٹ بورچیٹ کے مطابق انہیں اپنے ہی گانے دوبارہ گانے کی اجازت صرف اس وقت ملے گی جب وہ اس بات پر حامی بھریں کہ 2020 میں وہ اپنا کوئی پرانا گانا ریکارڈ نہیں کریں گی اور اس حوالے سے خاموش بھی رہیں گی۔

گلوکارہ کے مطابق انہوں نے اور ان کی ٹیم نے خاموشی سے اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی تاہم اب مجبور ہوکر وہ سوشل میڈیا پر یہ سب شیئر کررہی ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ کا شمار کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام
ٹیلر سوئفٹ کا شمار کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام

انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں ان کی مدد کریں اور دونوں منیجرز کو احساس دلائیں کہ وہ اپنے خود کے لکھے ہوئے گانوں پر پرفارم کرسکتی ہیں۔

دوسری جانب اسکاٹ بورچیٹ اور اسکوٹر براؤن، دونوں نے ہی اس معاملے پر اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

گلوکارہ کے بیان کے بعد سے اب تک ٹوئٹر پر ان کے لیے 'آئی اسٹینڈ ود ٹیلر' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔

اور مداح گلوکارہ کے حق میں بیانات جاری کرتے ہوئے اسکاٹ بورچیٹ اور اسکوٹر براؤن کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024