• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حمزہ علی عباسی کا 'اداکاری سے کنارہ کشی' کا اعلان

شائع November 15, 2019 اپ ڈیٹ August 3, 2020
حمزہ اپنے کیریئر میں تھیٹر، ڈرامے اور فلموں میں کام کرچکے ہیں — فوٹو/ فیس بک
حمزہ اپنے کیریئر میں تھیٹر، ڈرامے اور فلموں میں کام کرچکے ہیں — فوٹو/ فیس بک

پاکستان کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی نے رواں سال 12 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں اور اب اداکار نے آخر کار ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اہم اعلان کردیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں اعلان کیا کہ انہوں نے طویل عرصے کے لیے اداکاری سے کنارہ کشی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اپنی ویڈیو کا آغاز کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے تاخیر سے اعلان کے لیے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی سب سے اہم ویڈیو ہے۔

حمزہ علی عباسی نے سب سے پہلے اپنی ویڈیو میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور بعدازاں مداحوں کے پیار کو بھی سراہا اور بےانتہا عزت دینے کے لیے شکریہ ادا کیا۔

ویڈیو میں اپنی ماضی کی کہانی شیئر کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ وہ 14 سال کی عمر میں لا دین ہوچکے تھے تاہم اب وہ اپنی پوری زندگی صرف دین کی باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میں اپنی زندگی خدا اور 'دنیا کی زندگی' کے بعد کی 'اصل زندگی' پر بات کرتے ہوئے گزارنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'اداکاری سے لمبے عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار اس لیے نہیں کررہا کے مذہب آپ کو اداکاری کرنے سے روکتا ہے، اسلام میں اداکاری، تصویر بنانا، یہ سب حرام نہیں، اسلام میں اگر کچھ حرام ہے تو وہ صرف بدکاری ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں طویل عرصے کے لیے میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں کیوں کہ اداکاری میں آپ کو ایسا بہت کچھ کرنا پڑ سکتا ہے جو میں نہیں کرنا چاہتا، دوسری بات یہ کہ میں یہ سب شہرت کے لیے نہیں کررہا، میں سنجیدہ موضوعات پر بات کروں گا، میں فلمیں اور ڈرامے ضرور بناؤں گا، لیکن وہ جن میں کوئی غیر اخلاقی چیزیں نہیں ہوں گی'۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ وہ یوٹیوب پر بھی ویڈیوز ریلیز کریں گے جبکہ انٹرویو میں بھی دین کے حوالے سے بات کرتے نظر آئیں گے۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ 'اب اپنی ساری زندگی خدا کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتا ہوں، میں نہیں چاہتا کے جب لوگ انٹرویوز میں بلائیں تو مجھ سے اداکاری کے سوال کریں'۔

انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے یہ بھی عندیا دیا کہ وہ کبھی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو ایک ٹوئٹ میں حمزہ علی عباسی نے لکھا تھا کہ 'ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری سفر اختتام کو پہنچ گیا، میں اس ماہ کے آخر میں ایک بہت اہم اعلان کروں گا، امید ہے میری آواز کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں، اکتوبر کے اواخر تک سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا'۔

حمزہ کا ڈراما پیارے افضل بھی ہٹ ثابت ہوا تھا — فوٹو/ فیس بک
حمزہ کا ڈراما پیارے افضل بھی ہٹ ثابت ہوا تھا — فوٹو/ فیس بک

اس وقت حمزہ علی کے مداحوں نے یہ ہی خیال ظاہر کیا تھا کہ وہ اداکاری اور سیاست چھوڑنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

حمزہ علی عباسی کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے 'مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول' نامی فیچر فلم بھی ڈائیریکٹ کی۔

پرواز ہے جنون میں حمزہ نے ایک پائلٹ کا کردار نبھایا تھا — فوٹو/ انسٹاگرام
پرواز ہے جنون میں حمزہ نے ایک پائلٹ کا کردار نبھایا تھا — فوٹو/ انسٹاگرام

وہ 'وار'، 'میں ہوں شاہد آفریدی'، 'جوانی پھر نہیں آنی' اور 'پرواز ہے جنون' جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے جلد ریلیز ہونے والی فلم 'دی لیجنڈز آف مولا جٹ' میں بھی اہم کردار نبھایا ہے۔

من مائل کے لیے حمزہ کو کئی ایوارڈز دیے گئے — فوٹو/ فیس بک
من مائل کے لیے حمزہ کو کئی ایوارڈز دیے گئے — فوٹو/ فیس بک

اداکار کا پہلا ڈراما 'میرے درد کو جو زبان ملے' 2012 میں سامنے آیا، اس کے بعد انہوں نے 'پیارے افضل' اور 'من مائل' جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔

الف حمزہ کے کیریئر کا آخری ڈراما ہوگا — فوٹو/ یوٹیوب
الف حمزہ کے کیریئر کا آخری ڈراما ہوگا — فوٹو/ یوٹیوب

ان کا ڈراما 'الف' اس وقت جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہورہا ہے۔

اپنی ویڈیو میں حمزہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے 'الف' میں کام کرنے کی رضامندی صرف اس لیے ہی دی کیوں کہ اس میں خدا کا پیغام دیا گیا ہے، ورنہ 'دی لیجنڈز آف مولا جٹ' ان کے کیریئر کا آخری پروجیکٹ ہوتا۔

حمزہ اور نیمل دونوں نے ہی اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام
حمزہ اور نیمل دونوں نے ہی اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام

یاد رہے کہ رواں سال 25 اگست کو حمزہ علی عباسی نے سابق اداکارہ نیمل خاور خان کے ساتھ شادی کرلی تھی۔

حمزہ کی اہلیہ نیمل نے بھی صرف ایک ڈرامے 'انا' میں کام کے بعد میڈیا انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024