• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف کا بیرون ملک علاج، (ن) لیگ نے حکومتی شرط مسترد کردی

شائع November 13, 2019
نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنا حکومت کا ناقابلِ فہم فیصلہ ہے، مریم اورنگزیب — فائل فوٹو / اے پی
نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنا حکومت کا ناقابلِ فہم فیصلہ ہے، مریم اورنگزیب — فائل فوٹو / اے پی

مسلم لیگ (ن) نے قائد نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا۔

وفاقی وزیر قانون اور معاون خصوصی احتساب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ عمران خان کے متعصبانہ رویے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی عدالت سے ضمانت کے وقت تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جاچکے ہیں لہٰذا ان کا نام 'ای سی ایل' سے نکالنے کو مشروط کرنا حکومت کا ناقابلِ فہم فیصلہ ہے اور عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے اور سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف نے بیرونِ ملک سفر کیلئے حکومتی شرائط مسترد کردیں

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت نواز شریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کر رہی ہے اور دوسری جانب انتہائی ریاکاری اور بدنیتی سے ان کے بیرونِ ملک فوری علاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاسی محاسبت میں کبھی کسی کی زندگی کے ساتھ اس طرح نہیں کھیلا گیا جبکہ نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی ہے اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے۔

(ن) لیگ کی سینئر قیادت کا اجلاس طلب

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا۔

اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے حکومتی فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد شہباز شریف کل سہہ پہر 3 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا

واضح رہے کہ حکومت نے نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے اسلام آباد میں شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو صرف ایک بار کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نواز شریف یا شہباز شریف کو 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈ جمع کرانا ہوں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آج وفاقی حکومت کسی بھی وقت اجازت نامہ جاری کردے گی، باقی ان کی مرضی'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024