• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

شائع November 13, 2019 اپ ڈیٹ November 14, 2019
اسرائیل کے فضائی حملوں میں گھر تباہ ہونے پر ایک خاتون افسردہ گھر کے باقیات کو دیکھ رہی ہیں — فوٹو: رائٹرز
اسرائیل کے فضائی حملوں میں گھر تباہ ہونے پر ایک خاتون افسردہ گھر کے باقیات کو دیکھ رہی ہیں — فوٹو: رائٹرز

غزہ کے وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے جاری اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک 22 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسرائیل کے حملوں میں اب تک 69 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں'۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے حالیہ فضائی حملے جس میں ان کے مطابق ایک 'فلسطینی جنگجو کمانڈر' ہلاک ہوا تھا، کے بعد سے اسرائیلی سرزمین پر غزہ سے اب تک 250 کے قریب راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ سرحد سے متصل اسرائیلی زمین پر راکٹ حملوں کی وجہ سے اسکول بند کردیے گئے جبکہ عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مشرقی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں بھاء ابو العطا اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہوئی تھیں جن کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیل پر ہونے والے حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیل کا گھر پر فضائی حملہ، فلسطینی کمانڈر ہلاک

رات کی تاریکی میں ہونے والا حملہ بھاء ابو العطا کی رہائش گاہ پر اس وقت کیا گیا تھا جب وہ سو رہے تھے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے چلنے والے راکٹ تل ابیب تک پہنچے ہیں جن کی وجہ سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

غزہ اور اسرائیل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے مصری حکام کا کہنا تھا کہ قاہرہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے تاہم فلسطینی تنظیم کے ترجمان نے ان کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'ہماری ترجیح اسرائیلی جرائم کا جواب دینے اور جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے'۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ مزید کشیدگی نہیں چاہتے تاہم ان کا کہنا تھا کہ 'اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے مزید لوگوں کو مارنے سے کترائیں گے نہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے معروف فلسطینی قانون ساز کو دوبارہ گرفتار کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ 'آج ہم نے اپنے تمام دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا ہے، جو بھی ہمیں دن میں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا وہ رات تک باقی نہیں رہ پائے گا'۔

راکٹ حملوں کی وجہ سے اسرائیل میں کسی کی ہلاکت سامنے نہیں آئی جس کی وجہ اسرائیل کا آئرن ڈوم دفاعی نظام ہے جس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ 'اس نئے سسٹم کے ذریعے 90 فیصد راکٹوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا'۔

گزشتہ روز غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے کے ساتھ ساتھ شام کی دارالحکومت دمشق میں بھی اسرائیل نے ایک گھر پر 3 فضائی حملے کیے تھے جن میں سے ایک کو ناکام بنا دیا گیا تھا اور 2 نے گھر کو تباہ کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024