• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران خان کی تباہ کن باؤلنگ، آسٹریلیا اے 122رنز پر ڈھیر

شائع November 12, 2019
عمران خان جونیئر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا
عمران خان جونیئر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا

پاکستان نے بابر اعظم اور اسد شفیق کی شاندار بیٹنگ کے بعد عمران خان جونیئر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا 'اے' کے خلاف میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔

پرتھ میں کھیلے جارہے سہ روزہ میچ میں پاکستان نے 336 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو دیگر بلے بازوں کو پریکٹس کا موقع فراہم کرنے کے لیے بابر اعظم اور اسد شفیق ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے، دونوں نے بالترتیب 157 اور 119 رنز کی اننگز کھیلیں۔

دن کا آغاز پاکستان کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور افتخار احمد اور محمد رضوان صرف 6، 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

7 وکٹیں گرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں نے خلاف توقع اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔

یاسر نے 53 اور شاہین نے 25 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ کے موجود نہ ہونے کے سبب پاکستان کی پوری اننگز 428 رنز پر تمام ہوئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جھائے رچرڈسن 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مائیکل نیسر اور رلی میڈرتھ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین 'اے' ٹیم کا آغاز تباہ کن تھا اور صفر پر عمران خان نے جو برنز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ نے اسکور کو 19 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے 16 رنز بنانے والے ہیرس کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

اسکور 37 تک پہنچا تو افتخار احمد نے میزبان ٹیم کو دوہرا نقصان پہنچاتے ہوئے ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد عمران خان کے شاندار اسپیل کا آغاز ہوا جنہوں نے ول پکووسکی، ایلکس کیری، مائیکل نیسر اور جھائے رچرڈسن کو پویلین لوٹایا تو 50 رنز پر آٹھ میزبان کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

57 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ نے شان ایبٹ کی وکٹیں بکھیریں تو آسٹریلیا اے کی 9 وکٹیں گر چکی تھیں اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی ان کی بساط لپٹ جائے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

اس کے بعد کیمرون بین کرافٹ اور رلی میڈرتھ وکٹ پر ڈٹ گئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 10ویں وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 122 کے مجموعی اسکور پر بین کرافٹ کو آؤٹ کر کے آسٹریلین اے کی اننگز کا خاتمہ کردیا، بین کرافٹ نے 49 اور میڈرتھ نے 19 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان 5 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین اور افتخار نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ پریکٹس کو ترجیح دی اور میچ کے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنائے تھے اور میچ میں 313 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024