• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر

شائع November 12, 2019
عدالت نے کارکنوں کی حمزہ شہباز کے ساتھ سیلفیوں پراظہار برہمی کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
عدالت نے کارکنوں کی حمزہ شہباز کے ساتھ سیلفیوں پراظہار برہمی کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔

نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں حمزہ شہباز اور شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے حمزہ شہباز کو کٹہرے میں طلب کیا اور کارکنوں کی حمزہ شہباز کے ساتھ سیلفیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

سماعت کے دوران جج امجد نذیر چوہدری نے حمزہ شہباز سے مکالمے میں کہا کہ مسٹر حمزہ یہاں فوری کٹہرے میں آئیں جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ آپ کیسے بات کر رہے ہیں؟'

مزید پڑھیں: رمضان شوگر ملز کیس: حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

اس پر جج امجد نذیر چوہدری نے کہا کہ آپ عدالت کا ڈیکورم خراب کر رہے ہیں، آپ پریس کانفرنس کرنے آتے ہیں؟ جس پر حمزہ شہباز نے سوال کیا کہ آپ مجھ سے کیسے بات کر رہے ہیں؟

جج امجد نذیر چوہدری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'عدالتی کارروائی کرنی ہے یہ سیلفیاں اور یہ سب کیا ہو رہا ہے، جب تک حمزہ پیچھے بیٹھے رہیں گے کیس نہیں چلے گا'۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں عدالت کا احترام کرتا ہوں، میں ان لوگوں کو اور کارکنوں کو ساتھ لے کر نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہجوم میں آرہا ہوں، لوگ سلام کرتے ہیں اس کا جواب دینا اسلام میں ہے، جج صاحب مجھے آپ کی بات کرنے کا طریقہ ٹھیک نہیں لگا'۔

عدالت میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا مشہود نے کہا کہ حمزہ شہباز رکن صوبائی اسمبلی ہیں، جتنے بھی ملزم آتے ہیں وہ 90، 90 روز تک نیب کے پاس رکھے جاتے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ اس طرح تو قاتلوں کو بھی نہیں بلایا جاتا جیسے آپ نے حمزہ شہباز کو بلایا ہے۔

جج امجد نذیر چوہدری نے ریمارکس دیے عدالت کا ڈیکورم سب سے پہلی چیز ہے، اگر عدالت کا ڈیکورم خراب کریں گے تو اس طرح کام نہیں چلے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان شوگر ملز کیس: عدالت کا نیب کو حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم

جج امجد نذیر چوہدری نے حمزہ شہباز کو حکم دیا کہ آئندہ آپ جب بھی عدالت آئین تو سیدھا کٹہرے میں آئیں گے۔

بعدازاں عدالت نے شہباز شریف سے متعلق استفسار کیا، جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

جس پر عدالت نے شہباز شریف کی رمضان شوگر مل میں آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی۔

واضح رہے کہ 18 فروری کو قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔

عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024