• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سعودی عرب کے ثقافتی فیسٹیول کے دوران فنکاروں پر چاقو سے حملہ

شائع November 12, 2019
فوٹو/ اسکرین شاٹ
فوٹو/ اسکرین شاٹ

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے ثقافتی فیسٹیول میں ایک پرفارمنس کے دوران یمنی شخص نے فنکاروں پر چاقو سے حملہ کردیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں اسٹیج پر مرد و خواتین فنکار پرفارم کرتے نظر آرہے تھے، جس دوران ایک شخص نے اسٹیج پر آکر ان فنکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 مرد جبکہ ایک خاتون فنکار زخمی ہوگئے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریاض میں رواں سال اکتوبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والے کلچرل فیسٹیول کے دوران فنکاروں پر حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے فوری طور پر گرفتار کرلیا جبکہ جس چاقو سے حملہ کیا گیا وہ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں عبایہ میں ملبوس لڑکی کا میلے میں ’ہپ ہاپ‘ ڈانس

یہ تقریب ریاض کے کنگ عبداللہ پارک میں جاری تھی، جہاں غیر ملکی تھیٹر فنکار نیم عریاں ملبوسات میں پرفارم کررہے تھے۔

پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے شخص کا تعلق یمن سے ہے جبکہ اس کی عمر 33 سال بتائی جارہی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جن فنکاروں پر حملہ کیا گیا انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ ’ریاض سیزن‘ نامی یہ میلہ رواں برس دسمبر کے وسط تک جاری رہے گا اور اس میں متعدد عرب فنکاروں سمیت مغربی ممالک کے فنکاروں کی جانب سے بھی پرفارمنس کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں سیاحت کی اجازت، خواتین کیلئے عبایا کی شرط ختم

اس میلے کے پروگرامات دیکھنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں سے مرد و خواتین سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے اور پہلی بار مرد و خواتین کو ایک ہی جگہ مکمل تفریحی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس میلے کی تعریفیں پوری دنیا میں ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اسی سیزن میں 25 اکتوبر کو پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے پرفارمنس کرکے مداحوں کے دل جیتے تھے۔

دونوں پاکستانی فنکاروں نے 25 اکتوبر کو پرفارم کیا—فوٹو: ریاض سیزن ٹوئٹر
دونوں پاکستانی فنکاروں نے 25 اکتوبر کو پرفارم کیا—فوٹو: ریاض سیزن ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024