دل کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں؟ تو اس غذا سے گریز کریں
یہ تو بیشتر افراد کو معلوم ہے کہ تلے ہوئے آلوﺅں کے چپس اور بیکری کے بسکٹ صحت کے لیے فائدہ مند نہیں، مگر ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے نتیجے میں آپ دل کے مریض بن سکتے ہیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کے محققین نے دریافت کیا کہ الٹرا پراسیس غذائیں جیسے سافٹ ڈرنکس، جنک فوڈ اور پیکج نمکین سنیکس دل کو جانے والی شریانوں کی صحت کو بری طرح متاثر کرسکتے ہیں۔
اس تحقیق کے دوران محققین نے 20 سال یا اس سے زائد عمر کے 13 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جنہوں نے غذائی سوالات کے جوابات 2011 سے 2016 کے دوران دیئے تھے۔
محققین نے دریافت کیا کہ الٹرا پراسیس غذاﺅں کی کیلوریز میں ہر 5 فیصد اضافہ خون کی شریانوں کی صحت متاثر کرنے کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ جو بالغ افراد اپنی دن بھر کی کیلوریز کا 70 فیصد حصہ پراسیس غذاﺅں کی شکل میں جزوبدن بناتے ہیں، ان یمں امراض قلب کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحت بخش غذائیں دل اور خون کی شریانوں کی صحت مستحکم رکھنے کے لیے ضروری ہے، مگر الٹرا پراسیس غذائیں کو اکثر صحت بخش غذاﺅںو( پھل، سبزیاں، اجناس اور پروٹین وغیرہ صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں) کی جگہ کھانے لگتے ہیں۔
دل کی صحت کا تعین کرنے کے لیے محققین نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے 7 خطرات کے پیمانے کو استعمال کیا، یعنی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، بلڈ گلوکوز لیول، تمباکو نوشی، ناقص غذا، موٹاپا اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری۔
اس نئی تحقیق سے ان شواہد کو مزید تقویت ملی ہے کہ پراسیس غذائیں صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
خیال رہے کہ بہت زیادہ پراسیس غذاﺅں میں صحت کے لیے فائدہ مند اجزا (وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس) کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جبکہ ریفائن معدے، نمک اور چینی کے باعث نقصان دہ کیلوریز کی بھرمار ہوتی ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق پکانے کا طریقہ اور اس میں شامل اجزا کسی غذا کو صحت کے لیے نقصان دہ بناتے ہیں، جیسے نمک، چینی اور چربی (سچورٹیڈ فیٹ اور ٹرانس فیٹ) وہ اہم اجزا ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق جن غذاﺅں میں نمک اور چینی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے وہ امراض قلب، فالج اور ذیابیطس سمیت دیگر امراض کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔