بابر اور اسد کی عمدہ بیٹنگ، آسٹریلین اے کے باؤلرز بے بس
آسٹریلیا اے کے خلاف سہ روزہ وارم اپ میچ میں پاکستانی بلے بازوں بابر اعظم اور اسد شفیق نے میزبان باؤلرز کو تختہ مشق بناتے ہوئے قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
پرتھ میں کھیلے جا رہے سہ روزہ ڈے اینڈ نائٹ پریکٹس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
13 کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی پویلین لوٹ گئے البتہ اس کے بعد حارث سہیل اور شان مسعود نے قدرے سنبھل کر بیٹنگ کی اور اسکور کو 47 تک پہنچا دیا۔
اسی اسکور پر حارث کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ 60 کے اسکور پر دوسرے اوپنر شان مسعود بھی 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔
60 رنز پر ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد اسد شفیق کا ساتھ دینے بابر اعظم اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان باؤلرز کی خوب خبر لی۔
اس کے بعد آسٹریلین اے کے باؤلرز نے وکٹ کے حصول کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن بابر اور اسد شفیق کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔
دونوں کھلاڑیوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور چوتھی وکٹ کے لیے اب تک 276 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں۔
جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بابر اور اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے تھے۔
اسد شفیق 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اب تک 119 رنز بنائے ہیں جبکہ بابر 24 چوکوں کی مدد سے 157 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
آسٹریلیا اے کی جانب سے ریلے میریڈتھ دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مائیکل نیسر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔