سوئس کمپنی کی بنائی گئی واحد گھڑی 4 ارب روپے میں فروخت
یورپی ملک سوئٹرزلینڈ کی مہنگی اور دیدہ زیب گھڑیاں بنانے والی 180 سالہ پرانی کمپنی ’پیٹک فلپ‘ کی ایک گھڑی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوگئی۔
’پیٹک فلپ‘ کمپنی کو 1839 میں بنایا گیا تھا اور اس کمپنی نے ملکہ برطانیہ سمیت کئی اہم عالمی سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت شوبز و اسپورٹس شخصیات کے لیے خصوصی گھڑیاں بھی بنائیں۔
ماضی میں بھی اس کمپنی کی بنائی گئی گھڑیاں ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوئی ہیں، تاہم پہلی بار اس کمپنی کی گھڑی ’جی 6300‘ 3 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔
امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی رپورٹ کے مطابق ’پیٹک فلپ‘ کی جانب سے بنائی گئی واحد گھڑی کو ایک فلاحی منصوبے کے تحت فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
اس گھڑی کو جنیوا کے ایک آکشن ہاؤس میں فلاحی منصوبے کے لیے درکار رقم کے لیے فروخت کے لیے پیش کیا گیا اور امید کی جا رہی تھی کہ گھڑی زیادہ سے زیادہ ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے میں فروخت ہوگی۔
تاہم گھڑی کو ریکارڈ قیمت 3 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر پاکستانی تقریبا 4 ارب روپے میں فروخت کیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی کمپنی کی گھڑی اتنی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی۔
اس سے قبل 2017 پال نیومن رولیکس کی گھڑی ایک کروڑ 77 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
جب کہ اس سے قبل ’پیٹک فلپ‘ کی ہی گھڑی 2014 میں تقریبا ڈھائی کروڑ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی تھی، لیکن اب اسی کمپنی کی گھڑی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوگئی۔
تین کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہونے والی گھڑی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ دونوں طرف سے (ڈائل) ہے یعنی وہ دونوں طرف سے وقت دکھا سکتی ہے۔
مذکورہ گھڑی کو جہاں دو ڈائل ہیں، وہیں اس کے ہر ڈائل میں 4 چھوٹے ڈائل دیے گئے ہیں جو سیکنڈ، منٹ اور تاریخ علیحدہ علیحدہ دکھاتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے بنائی گئی اس واحد گھڑی میں جہاں ہر ڈائل کے اندر 4 چھوٹے ڈائل دیے گئے ہیں، وہیں اس میں ڈیجیٹل سال کا کیلینڈر، الارم اور ’لیپ ایئر‘ کا سسٹم بھی موجود ہے۔
اس گھڑی کو کمپنی نے اسٹیل لیس بنایا تھا جب کہ اس کی ڈیزائن کو بھی اچھوتا قرار دیا گیا تھا۔