• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایک سیریز ہارنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم عالمی نمبر ایک ٹیم نہیں، بابر

شائع November 8, 2019 اپ ڈیٹ November 12, 2019
بابر اعظم تیسرے ٹی20 میچ میں بڑا اسکور نہ کر سکے— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم تیسرے ٹی20 میچ میں بڑا اسکور نہ کر سکے— فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن کھلاڑی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹی20 میچ میں 10وکٹوں سے شکست کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں آج جلدی آؤٹ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ہم اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ نہ سجا سکے لیکن افتخار نے اچھی اننگز کھیلی۔

یاد رہے کہ ابتدائی دو ٹی20 میچوں میں نصف سنچری بنانے والے قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم تیسرے میچ میں زیادہ رنز اسکور نہ کر سکے اور پاکستانی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 106رنز ہی بنا سکی۔

آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں 10وکٹوں سے شکست دے دی۔

ٹی20 کپتان نے کہا کہ یہ میرا بحیثیت کپتان پہلا دورہ ہے جس میں مجھے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا، غلطیاں بھی سرزد ہوئیں لیکن کوشش ہو گی کہ آگے ان غلطیوں کو نہ دہرائیں۔

باؤلرز کی کارکردگی کے حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باؤلرز کی کارکردگی کی وجہ سے ہی ہم نوجوان حسنین اور محمد موسیٰ کو موقع دیا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک سیریز ہارنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم عالمی نمبر ایک ٹیم نہیں ہیں، پرفارمنس ہونا یا نہ ہونا ایک الگ بات ہے کیونکہ ہم اپنی 100فیصد کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

ٹی20 ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم آسٹریلیا میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹیم میں نئے اور پرانے لڑکے دونوں ہیں لیکن وہ ہماری توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن اگلی سیریز میں اچھا کمبی نیشن بنا کر بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کپتان میں نہیں تھا، میں ابھی کپتان بنا ہوں، بحیثیت کپتان پہلی ہی سیریز ہارنے پر مایوسی ہوئی ہے لیکن یہ میرا پہلا ٹور تھا اور اس دوران مجھے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

میچ کے دوران 61 ڈاٹ گیندیں کھیلنے کے حوالے سے سوال پر بابر نے کہا کہ جب ابتدا میں وکٹیں گر جاتی ہیں تو نئے بلے بازوں پر دباؤ آجاتا ہے اور ڈاٹ گیندیں ہو جاتی ہیں جس کے بعد تیزی سے رنز کر کے اس پر قابو پانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے گڑبڑ ہو گئی اور ہم اچھا اسکور نہ بنا سکے۔

ان کا کہنا کہ ٹی20 سیریز ہارنے سے مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پریکٹس میچ ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ اس میں اچھی سے اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیسٹ میچز سے قبل اپنا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں۔ بابر اعظم نے کہا کہ میں اپنی فارم سے مطمئن ہوں اور کوشش کروں گا کہ ٹیسٹ میچوں میں بھی اپنی اس فارم کا سلسلہ برقرار رکھوں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024