خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے
خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں سال 10 ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 61 تک پہنچ گئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا کے مطابق پولیو کے نئے کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے جہاں وائرس کا شکار ہونے والے بچوں کی عمریں 15 سے 22 ماہ کے درمیان ہیں۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 82 تک جاپہنچی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا سے رپورٹ کیے گئے 61 کیسز میں سے 23 ضلع بنوں سے، ضلع لکی مروت سے 14، ضلع شمالی وزیرستان سے 8، ضلع تورغر سے 7، ضلع ہنگو سے 2 جبکہ چارسدہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، شانگلہ، باجوڑ، خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع سے ایک، ایک کیسز رپورٹ کیے گئے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے، تعداد 59 ہوگئی
دوسری جانب صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور جامشورو سے 9 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
صوبہ بلوچستان سے قلعہ عبداللہ، جعفرآباد، ہرنائی اور کوئٹہ کے اضلاع سے 7 کیسز اور صوبہ پنجاب میں لاہور اور جہلم سے پولیو کے 5 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (این آئی ایچ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں رواں برس کے دوران اب تک پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 77 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں پولیو وائرس کی معدوم قسم کے 7 کیسز کی تشخیص
خیال رہے کہ 2015 میں دنیا سے پولیو وائرس ٹائپ 2 کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا اور رواں ہفتے ٹائپ 3 کے خاتمے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ صرف پولیو وائرس ٹائپ ون تاحال موجود ہے۔
1988 کے بعد عالمی سطح پر پولیو کیسز میں 99 فیصد کمی آئی ہے لیکن پاکستان اور افغانستان میں ٹائپ ون پولیو تاحال موجود ہے۔