• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تیسرا ٹی20: پاکستان پھر ناکام، آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

شائع November 8, 2019
کپتان بابر اعظم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
کپتان بابر اعظم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کے دیے گئے 107 رنز کے ہدف کو بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا اور سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

تیسرے ٹی 20 میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 107 رنز بنائے جس میں پاکستان کی بیٹنگ لائن متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکی۔

ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن گزشتہ 2 میچز کے برعکس کپتان بابر اعظم اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے اور دوسرے اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم کے بعد وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن دوسرے اوور کی تیسری بال پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ اوپنر امام الحق 22 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق کے بعد افتخار حسین نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن حارث سہیل 54 کے مجموعی اسکور پر نویں اوور میں 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

حارث سہیل کے بعد خوش دل شاہ میدان میں آئے اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے عماد وسیم بھی صرف 6 رنز بنا کر 88 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم کے بعد افتخار احمد 92 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان صرف ایک رن ہی بناسکے۔

اس طرح پاکستان نے آسٹریلیا کو جیتے کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ہدف کو پورا کرلیا۔

آسٹریلوی ٹیم نے 107 رنز کا ہدف 11 اوور 5 بال کے نقصان پر پورا کیا، میزبان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے 52 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں آج کے میچ میں پاکستان کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی تھیں اور فخر زمان، آصف علی، محمد عرفان اور وہاب ریاض کی جگہ امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور محمد موسیٰ کو شامل کیا گیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے باؤلنگ کرتے، ہم نے آج کے میچ میں 2 ڈیبیو کیے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ کھیلے، ان کے پاس اچھا موقع ہے اور یہ وکٹ باؤلنگ کے لیے اچھی ہے'۔

واضح رہے کہ آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں شامل کیے گئے خوشدل شاہ اور محمد موسیٰ ٹی20 انٹرنیشنل میں اپنا ڈیبیو کررہے ہیں۔

آسٹریلیا میں کھیلی جارہی ان 3 میچز کی سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کو 1-0 کی برتری حاصل ہے اور اگر آسٹریلیا آج کا میچ جیت جاتا ہے تو یہ سریز بھی جیت جائے گا۔

خیال رہے کہ 3 میچوں کی سیریز کا پہلے ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور پاکستانی ٹیم خوش قسمتی سے یقینی شکست سے دوچار ہونے سے بچ گئی تھی۔

تاہم دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 151 رنز کے ہدف کو باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ اس وقت ٹی20 میں عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان گزشتہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ناکامی سے دوچار ہوئی ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے اپنے آخری 5 ٹی ٹوئنٹی میچز میں فتح حاصل کی۔

اسکواڈ

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، محمد عامر،محمد حسنین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

ادھر آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، بین مکڈرمیت، ایشٹون ٹرنر، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، ایشٹون اگار، سین ایبٹ، میچل اسٹارک، کین رچرڈسن، بلے اسٹین لیک شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024