پاکستانی میسجنگ ایپ ٹیلو ٹاک نے 16 لاکھ ڈالر فنڈنگ حاصل کرلی
پاکستان کی پہلی میسجنگ ایپ ٹیلو ٹاک 16 لاکھ ڈالرسیڈ راؤنڈ فنڈنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
میسیجنگ پلیٹ فارم ٹیلو ٹاک (TelloTalk) نے بین الاقوامی و ملکی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم سے 16 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کے حصول کا اعلان کیا ہے۔
سیڈ راؤنڈ مرحلے میں عالمی وینچر فنڈز اے ایل ایم ہولڈنگز (متحدہ عرب امارات)، اسپارک لیبس فن ٹیک (ایشیا)، ون مارکیٹ کیپٹل (یو ایس اے) اور کوکون اگنائٹ وینچرز (ہانگ کانگ) کے ساتھ مقامی سطح کے سرمایہ کار ادارے ٹی پی ایل ای وینچرز اور آئی ٹو آئی وینچرز شامل ہیں۔
ٹیلو ٹاک کے شریک بانی اور سی ای او شہباز جاموٹ نے کہا 'ہم تجربہ کار غیرملکی اور مقامی وینچر کیپٹل انوسٹرز کی جانب سے اعتماد ملنے اور ہمارے مشن کو تعاون فراہم کرنے پر خوش ہیں۔ پاکستانیوں کی اپنی میسجنگ ایپلی کیشن ٹیلو ٹاک واحد بہترین لوکل میسجنگ ایپلی کیشن ہے جسے خصوصی طور پر پاکستانیوں کے لئے تیار کیا گیا اور ہماری اپنی تمام ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ انفراسٹرکچر پاکستان میں موجود ہے۔ ٹیلو ٹاک ہر طرح کے کاروباری اداروں کے لیے دستیاب ہے جس میں ملٹی میڈیا چیٹ چینلز کے ذریعے کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور انٹرنل کمیونکیشنز یا کسٹمر سے رابطے کئے جاسکتے ہیں۔ ٹیلو ٹاک واحد میسجنگ ایپلی کیشن ہے جو مقامی قوانین کی مکمل پاسداری کرتی ہے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای گورنمنٹ جیسی اہم سروسز فراہم کی جاسکیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مزید سروسز کی شمولیت سے مزید پاکستانی اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ ٹیلو ٹاک سے محظوظ ہوسکیں گے۔'
ٹیلو ٹاک کے چیئرمین ارشد اشرف نے کہا 'پاکستان میں بینک اکاؤنٹس سے زیادہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں۔ پاکستان کی 15 کروڑ آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، اس وجہ سے پاکستان میں انہیں ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے جس میں وہ آسانی سے ٹیکنالوجی استعمال کرسکیں۔ ہم اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ اپنے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کی موجودگی ایک قومی اہمیت کا معاملہ ہے اور اسے ہم واقعی اپنا پلیٹ فارم قرار دے سکتے ہیں ۔'
سیڈ راؤنڈ میں بطور پارٹنر اسپارک لیبس فن ٹیک کی طرف سے نمائندگی کرنے والے سمیر چشتی نے کہا 'مقامی سطح کے میسیجنگ پلیٹ فارمز ملکی سطح پر انتہائی کامیاب ہوتے ہیں ۔ چین میں وی چیٹ اور کوریا میں کاکو ٹاک کی طرح ٹیلو ٹاک پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے جو ملکی سطح پر انتہائی فعال میسیجنگ پلیٹ فارم کے ساتھ کنکٹویٹی، مواد کی شیئرنگ، کامرس، اور کارپوریٹ سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسپارک لیبس عالمی سطح پر تقریبا 300 ٹیک اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرچکی ہے ،اور پاکستان میں یہ ہماری چوتھی سرمایہ کاری ہوگی۔'
سیڈ راؤنڈ میں بیشتر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے یہ پاکستان میں پہلی سرمایہ کاری ہے۔ ان فنڈز کو مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ، انفراسٹرکچر میں وسعت لانے اور پروڈکٹ ڈویلپمنٹ کے لئے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
ٹیلو ٹاک کا تعارف
سال 2017 سے آغاز کے ساتھ ٹیلو ٹاک پاکستان کی اپنی پہلی اور مقامی سطح پر تیارشدہ میسیجنگ ایپلی کیشن ہے۔ ٹیلو ٹاک اپنے یوزرز کو میسیجنگ کی خصوصیت سے بڑھ کر فیچرز فراہم کرکے انہیں بااختیار بناتی ہے اور چار شعبوں کمیونکیشن، مواد، کامرس اور کمیونٹی کی خصوصی خدمات کے ذریعے انہیں ڈیجیٹل میدان میں نئے اور جامع انداز سے جوڑتی ہے۔
پاکستان کی جانب سے فخریہ تیار ہونے والی ٹیلو ٹاک ایک مضبوط اور فیچرز سے بھرپور میسیجنگ ایپلی کیشن پلیٹ فارم ہے جو دو افراد کے مابین اور بزنس و کسٹمرز کے درمیان رابطوں کو بڑھاتا ہے۔
ٹیلو ٹاک ٹیلیکو ملٹی میڈیا میسیجنگ، ضرورت کے مطابق صارفین کے ساتھ روایتی موبائل رابطوں سے بڑھ کر کاروبار کو بہترین انداز سے پھیلاتا ہے۔
ٹیلو ٹاک ایپلی کیشن کو گوگل پلے اسٹور اور ایپل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے اور لنک (http://itna.me/r/2)پر کلک کرکے بھی اس ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔