• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

شائع November 6, 2019
کراچی واحد شہر ہے جہاں سندھ کے 94 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے —فائل فوٹو: اے پی پی
کراچی واحد شہر ہے جہاں سندھ کے 94 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے —فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: ملک میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نئے ریکارڈ قائم کردیے اور رواں سال کے دوران اب تک تقریباً 44 ہزار افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 66 افراد مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سال 2011 میں 27 ہزار افراد اس وبا سے متاثر ہوئے تھے لیکن اموات کی تعداد رواں برس کے مقابلے 6 گنا زائد تھی یعنی اس بیماری کے سبب 370 افراد کی وفات ہوئی۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ادارہ برائے صحت کے ڈیزیز سرویلنس ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں ڈینگی کے کیسز غیر معمولی تعداد میں رپورٹ ہوئے اور دعویٰ کیا کہ پاکستان کی کارکردگی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک

انہوں نے کہا کہ امریکا کی ریاست اٹلانٹا میں حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے بارے میں بات چیت کی گئی جس میں دیگر ممالک کے نمائندوں نے نہ صرف پاکستانی حکومت کی کارکردگی کو سراہا بلکہ ملک میں اس بیماری کی روک تھام کے تجربے کو دستاویزی شکل دینے کی درخواست بھی کی۔

ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ کراچی واحد شہر ہے، جہاں سندھ کے 94 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے اور ڈینگی کے پھیلاؤ کا موسم تقریباً اپنے اختتام پر ہے لیکن یہ سلسلہ رواں برس کے آواخر تک جاری رہ سکتا ہے۔

ان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت ملک کے دیر علاقوں کی نسبت گرم ہے اور کراچی میں نومبر میں اس بیماری کو روکنے کے لیے ہمیں طویل کوششیں کرنی ہوں گی۔

ڈان کے پاس موجود دستاویز کے مطابق رواں سال کے دوران ملک بھر میں ڈینگی کے 44 ہزار 415 کیسز کی تصدیق ہوئی جس میں سب سے زیادہ 12 ہزار 433 کیسز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں ڈینگی کے 25 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق

سندھ میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 ہزار 142، پنجاب میں 9 ہزار 260، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 346، بلوچستان میں 3 ہزار 51 کی تعداد میں ڈینگی کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں ڈینگی کے ایک ہزار 672 کیسز سامنے آئے۔

اسی طرح ڈینگی سے سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئیں جن کی تعداد 26 ہے، اسلام آباد میں 22، پنجاب میں 14 بلوچستان میں 3 جبکہ آزاد کشمیر میں ڈینگی کے باعث ایک شخص کی وفات ڈینگی کے باعث ہوئی۔

خیال رہے کہ ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والی ایک بیماری ہے جس کے نتیجے میں مریض کے پلیلیٹس میں کمی واقع ہوجاتی ہے اور مریض میں خون جمنے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے جس کے باعث پلیٹلیٹس لگانے پڑتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، راولپنڈی ڈینگی سے بری طرح متاثر

اگر ڈینگی کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو ڈینگی بخار سے زندگی کو خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے اور اس کے نتیجے میں خون بہنے، پلیٹلیٹس میں کمی اور خون کے خلیات ضائع ہونے لگتے ہیں یا بلڈ پریشر خطرناک حد تک گر جاتا ہے۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈینگی 1994 میں پھیلا جس کے بعد سے اب تک متعدد مرتبہ اس وبائی مرض کا پھیلاؤ سامنے آچکا ہے، گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران پاکستان میں 2 مرتبہ ڈینگی کا مرض خطرناک حد تک پھیل گیا تھا۔

جس میں سال 2005 میں کراچی میں ڈینگی کے 6 ہزار کیسز سامنے آئے تھے اور 52 اموات ہوئیں جبکہ 2011 میں لاہور میں 21 ہزار افراد ڈینگی سے متاثرہ ہوئے جبکہ 350 افراد اس بیماری کے سبب وفات پاگئے۔

علاوہ ازیں سال 2011 سے 2014 کے دوران ملک بھی کی لیبارٹریز میں ڈینگی کے 48 ہزار کیسز کی تصدیق کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024