• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابر اعظم کو ٹی20 کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے 65رنز درکار

شائع November 6, 2019
بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف دونوں ٹی20 میچوں میں نصف سنچری بنا چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف دونوں ٹی20 میچوں میں نصف سنچری بنا چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

بابر اعظم کی شاندار فارم اور بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کر کے ایک نیا منفرد اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ایک اور شاندار اننگز کی بدولت وہ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ذریعے انٹرنیشنل کیریئر میں پہلی مرتبہ قیادت کرنے والے بابر اعظم پر بظاہر کپتانی کا کوئی بوجھ محسوس نہیں ہوتا اور آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی دونوں ٹی20 میچوں میں نصف سنچری اسکور کر کے انہوں نے اس کا بھرپور ثبوت پیش کیا۔

مزید پڑھیں: فخر اور آصف علی کی مستقل ناکامیاں قومی ٹیم کیلئے درد سر بن گئی

پہلے میچ میں نصف سنچری کے بعد بابر نے دوسرے ٹی20 میں بھی ففٹی اسکور کی اور ساتھ ساتھ ایک منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔

بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں 38گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی اور کیلنڈر ایئر میں مجموعی طور پر 1600 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے بلے باز ہیں اور اب تک رواں سال ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 1601 رنز بنا چکے ہیں۔

بابر نے اب تک اس سال پاکستان ٹیم کے ساتھ ساتھ سمرسیٹ، کراچی کنگز اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 38 میچوں میں 3 سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1601 رنز بنائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹی20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز عالمی شہرت یافتہ جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2015 میں 36 اننگز میں 1665 رنز اسکور کیے تھے جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے جنہوں نے سال 2016 میں 31 اننگز کے دوران 1614 رنز اسکور کیے تھے۔

بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں ایک نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں اور مزید 65 رنز بنا کر کرس گیل کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 8نومبر کو کھیلا جائے گا.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024