• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

’ریپ‘ کا الزام لگانے والی خاتون صحافی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر مقدمہ کردیا

شائع November 5, 2019
ٹرمپ نے اس وقت ریپ کیا جب میری عمر 52 سال تھی، ای جین کیرل—فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹرمپ نے اس وقت ریپ کیا جب میری عمر 52 سال تھی، ای جین کیرل—فائل فوٹو: اے ایف پی

رواں برس جون میں امریکی صحافی، کالم نگار و لکھاری 75 سالہ ای جین کیرل نے اپنی لکھی گئی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں 24 سال قبل 1995 میں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا تھا۔

خاتون صحافی نے اپنی کتاب میں ڈونلڈ ٹرمپ سمیت ان تمام مرد حضرات کا ذکر کیا تھا، جنہوں نے کبھی نہ کبھی زندگی میں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

کتاب میں ای جین کیرل نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 1995 میں انہیں ایک اسٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی تشدد اور ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا تھا۔

خاتون صحافی و لکھاری کی کتاب سامنے آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے ان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خاتون کو اپنے معیار سے کم معیار کی خاتون قرار دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ای جین کیرل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کی 'ٹائپ' کی نہیں اور نہ ہی انہوں نے انہیں ہراساں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کالم نگار کا ڈونلڈ ٹرمپ پر جنسی زیادتی کا الزام

امریکی صدر نے مزید کہا تھا کہ نہ تو ای جین کیرل اس لائق ہیں کہ وہ انہیں ہراساں کرنے کا سوچیں اور نہ ہی ایسا کبھی کچھ ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ای جین کیرل جھوٹی کہانی بنا کر ان پر الزام لگا رہی ہیں۔

اب خاتون کی عمر 75 سال ہو چکی ہے—فوٹو: نیو یارک ٹائمز
اب خاتون کی عمر 75 سال ہو چکی ہے—فوٹو: نیو یارک ٹائمز

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ خاتون صحافی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’ریپ‘ الزامات کو جھوٹا کہنے پر امریکی صدر کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔

امریکی اخبار ’نیو یارک پوسٹ‘ کے مطابق ای جین کیرل نے نیویارک کے علاقے منہٹن میں موجود وفاقی عدالت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ریپ‘ الزامات کو جھوٹا کہنے پر ان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون صحافی نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’ریپ‘ الزامات کو جھوٹا کہنے سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا اور انہیں ذہنی و دلی ٹھیس پہنچی۔

1995 میں ٹرمپ کی عمر 48 سال تھی اور ان کی دوسری شادی تھی
1995 میں ٹرمپ کی عمر 48 سال تھی اور ان کی دوسری شادی تھی

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون صحافی نے عدالت میں دائر کیے گئے ہرجانے کے مقدمے میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کا بھی ذکر کیا اور ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں 1995 میں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

خاتون صحافی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا ’ریپ‘ اس وقت کیا جب ان کی 52 سال تھی۔

مزید پڑھیں: 'الزام لگانے والی خاتون اس لائق نہیں کہ میں اسے جنسی ہراساں کروں'

ای جین کیرل نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ ابتدائی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ایک اسٹور کے ڈریسنگ روم میں لے جاکر دیوار کی جانب دھکا دیا اور بعد ازاں ان کا سر دیوار میں دے مارنے کے بعد ان کے زیر جامہ اتار دیے۔

خاتون صحافی نے عدالتی درخواست میں لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے زیر جامہ اتارنے کے بعد ان کے جنسی اعضا میں ہاتھ ڈالے اور بعد ازاں ان کا ’ریپ‘ کردیا۔

ای جین کیرل نے اپنی درخواست میں اعتراف کیا کہ وہ 25 سال پرانے واقعے کو ثابت تو نہیں کر سکتیں، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس واقعے کو جھوٹا کہنے کی وجہ سے انہیں دلی تکلیف پہنچی۔

خاتون صحافی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ’ریپ‘ کیس کے بجائے جھوٹ بولنے پر ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکی صدر کے خلاف عدالت کب تک سماعت کرے گی۔

ای جین کیرل نے ڈونلڈ ٹرمپ پر جھوٹ بولنے پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا—فوٹو: اے ایف پی
ای جین کیرل نے ڈونلڈ ٹرمپ پر جھوٹ بولنے پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا—فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024