• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نئی دہلی میں بدترین 'اسموگ'، نظام زندگی درہم برہم

شائع November 3, 2019
بھارتی دارالحکومت کی فضا میں آلودہ ذرات کی موجودگی 810 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک ہو چکی ہے، امریکی سفارتخانہ — فوٹو: اے ایف پی
بھارتی دارالحکومت کی فضا میں آلودہ ذرات کی موجودگی 810 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک ہو چکی ہے، امریکی سفارتخانہ — فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی فضا میں حالیہ برسوں کے دوران زہریلی اسموگ کی سطح بدترین ہوگئی جس کے باعث کئی پروازیں معطل یا ان کا رُخ موڑ دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ہر سال موسم سرما میں گاڑیوں، صنعتی اخراج اور پڑوسی ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے تقریباً 2 کروڑ کی آبادی والے بڑے شہر کو زہریلی اسموگ اپنے لپیٹ میں لے لیتی ہے اور سیاستدان اس بحران سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام ایک دوسرے پر ڈالتے نظر آتے ہیں۔

بھارت کے ریاستی ایئر کوالٹی ویدَر فارکاسٹنگ اینڈ ریسرچ سسٹم (ایس اے ایف اے آر) نے کہا کہ رواں سال فضا میں 2.5 مائیکرونز سے چھوٹے ذرات کی موجودگی سب سے زیادہ ہے جن کی تعداد میں ہلکی بارش کی وجہ سے مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

آزادانہ طور پر فضا میں آلودگی کا جائزہ لینے والے نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز 'خطرناک' زون کی فضا میں آلودہ ذرات کی موجودگی 810 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی: دنیا کے 30 بدترین شہروں میں بھارت کے 22 شہر شامل

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے فضا میں آلودہ ذرات کی موجودگی کی تجویز کردہ یومیہ مقدار زیادہ سے زیادہ 25 ہے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'آلودگی ناقابل برداشت سطح پر پہنچ چکی ہے۔'

نئی دہلی کے مقامی افراد آنکھوں اور گلے میں سوجن کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ کئی افراد خود کو اسموگ سے محفوظ رکھنے کے لیے ماسک کا سہارا لے رہے ہیں۔

چند کھلاڑی اور کوچز بھی بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران ماسک پہنے نظر آئے۔

مزید پڑھیں: اسموگ کے خاتمے کیلئے دہلی کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے، رپورٹ

اسموگ کے باعث نئی دہلی میں اسکول پہلے ہی منگل تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے جفت اور طاق نمبر پلیٹوں کی اسکیم متعارف کروائی جائے گی۔

گزشتہ سال اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دنیا کے 15 سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں بھارت کے 14 شہر شامل ہیں۔

امریکی رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے بھارت میں ہر سال لاکھوں افراد وقت سے قبل موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024