ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن دھاندلی دہ حکومت کو جانا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو، مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے میاں افتخار حسین سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت غیر جمہوری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف متحد ہیں اور تمام بڑی سیاسی جماعتیں حکومت کو غیر جمہوری کہہ رہی ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایک دو روز میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس کے لیے رہبر کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں اور ہمارا موقف اگست 2018 میں تمام سیاسی جماعتوں نے اسلام آباد میں دیا تھا اسی کا تسلسل ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ دھاندلی زدہ حکومت کو گھر جانا پڑے گا کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ساری اپوزیشن کی قیادت ایک اسٹیج پر بیٹھ کر ایک بات پر قائم ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم جو دھاندلی کے الیکشن پر بیٹھے ان کا جانا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا مولانا فضل الرحمٰن نے بتایا اسی طرح رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔