• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، پیٹرول ایک روپے مہنگا

شائع October 31, 2019
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا— فائل فوٹو: اے پی پی
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا— فائل فوٹو: اے پی پی

حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر آئندہ ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

اوگرا نے آئندہ ماہ نومبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی سفارش کی تھی جس کے مطابق حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: اوگرا نے پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کردی

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.27 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

تاہم لائٹ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو حکومت نے تحفہ دیتے ہوئے اس کی قیمت میں 6.56 روپے کی کمی کی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بھی 2.39 روپے کم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 114.24 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 127.41 روپے جبکہ مٹی کا تیل 97.18 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 7 فیصد کمی

قیمت میں 6.56 روپے فی لیٹر کمی کے بعد لائٹ ڈیزل آئل یکم نومبر سے 85.33 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

عموماً اوگرا کی جانب سے کی گئی سفارشات میں تبدیلی کے بعد قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ اس مرتبہ وزیر اعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارشات کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزارت توانائی کے سینئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ آئندہ ماہ کے لیے قیمتوں میں رد و بدل نہ کرنے پر حکومت کو 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوگا اس لیے اضافہ ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اضافی محصولات پیدا کرنے کے لیے پہلے ہی تمام پیٹرولیم مصنوعات پر اسٹینڈرڈ ریٹ 17 فیصد پر سیلز ٹیکس بڑھا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: 14 ماہ کے دوران ہونے والے بڑے ٹرین حادثات

رواں سال جنوری تک حکومت جی ایس ٹی کی مد میں ایل ڈی او پر 0.5 فیصد، مٹی کے تیل پر 2 فیصد، پیٹرول پر 8 فیصد اور ایچ ایس ڈی پر 13 فیصد وصول کررہی تھی۔

علاوہ ازیں حکومت نے حالیہ مہینوں میں ایچ ایس ڈی پر پیٹرولیم محصولات کی شرح میں دگنا یعنی 21 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جبکہ ماضی میں وہ 8 روپے فی لیٹر تھا۔

یاد رہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے گزشتہ ماہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی، جس سے اسے ساڑھے 4ارب ڈالر سے زائد کی آمدنی ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024