فیصل قریشی اور اعجاز اسلم پھر سے اکٹھے 'لوگ کیا کہیں گے'
پاکستان کے دو نامور اداکار فیصل قریشی اور اعجاز اسلم ایک دوسرے کے بہت قریبی دوست ہیں جو اکثر و بیشتر متعدد انٹرویوز میں ایک دوسرے کی تعریف کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
ان دونوں اداکاروں نے ایک ساتھ کئی کامیاب پروجیکٹس میں کام کیا، جن میں سب سے مقبول کامیڈی ڈراما 'کس دن میرا ویا ہوے گا' ہے۔
یاد رہے کہ اپنے مارننگ شو 'سلام زندگی' کی آخری قسط کے دوران فیصل قریشی نے کہا تھا کہ انڈسٹری میں ان کے سب سے قریبی دوست اعجاز اسلم ہیں، جن سے وہ بےحد محبت کرتے ہیں۔
جبکہ یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ بہت جلد ٹیلی ویژن اسکرینز پر ڈراموں میں نظر آنے والے ہیں، جبکہ ان کا ایک ڈراما اعجاز اسلم کے ساتھ بھی ہوگا۔
اور اب یہ دونوں ایک اور پروجیکٹ میں اکٹھے ہونے جارہے ہیں جس کا نام 'لوگ کیا کہیں گے' ہے۔
فیصل قریشی اور اعجاز اسلم دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے اس پروجیکٹ کا اعلان کرنے کے ساتھ چند تصاویر شیئر کی۔
اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ آخر کار یہ دونوں ایک ایسے پروجیکٹ میں اکٹھے ہورہے ہیں جس کی کہانی نہایت شاندار انداز میں تحریر کی گئی۔
اس ڈرامے کی ہدایات محسن مرزا دے رہے ہیں جبکہ اس کی کہانی صوفیہ خرم نے تحریر کی۔
'لوگ کیا کہیں گے' میں فیصل قریشی اور اعجاز اسلم کے ساتھ صحیفہ جبار، سکینہ سمو، افشاں قریشی اور حمیرہ ظہیر اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔
ڈرامے سے متعلق فی الحال اور کوئی خبر سامنے نہیں آئی البتہ ابھی اس کی شوٹنگ جاری ہے۔