• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'کاف کنگنا' کے آئٹم سانگ پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی وضاحت

شائع October 31, 2019
نیلم منیر کا یہ پہلا آئٹم سانگ تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
نیلم منیر کا یہ پہلا آئٹم سانگ تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

چند روز قبل سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم 'کاف کنگنا' کو شائقین کا ملا جلا ردعمل مل رہا ہے، تاہم یہ فلم نہ صرف اپنی ریلیز کے بعد بلکہ ریلیز سے قبل بھی کافی عرصے سے خبروں میں ہے۔

جب رواں ماہ فلم کا فائنل ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز ہوا تو فلم کی کہانی کے ساتھ ساتھ اس کے ڈائیلاگز اور اداکاروں کی اداکاری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جس کے بعد کاسٹ میں موجود عائشہ عمر، سمیع خان اور ایشل فیاض نے فلم کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شائقین کو فلم کے ریلیز کا انتظار کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے‘ پر نیلم منیر کی پرفارمنس کے چرچے

ٹریلر پر تنقید کو کچھ عرصہ ہی گزرا تھا کہ فلم کا ایک آئٹم سانگ 'خوابوں میں پاکستان' ریلیز کیا گیا، جس میں نامور اداکار نیلم منیر نے پرفارم کیا۔

فلم میں آئٹم سانگ شامل کرنے پر بھی لوگوں کا شدید ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد نیلم منیر نے اپنے بیان میں کہا کہ 'میں نے اس گانے پر صرف اس لیے پرفارم کیا کیوں کہ یہ آئی ایس پی آر کا پروجیکٹ تھا، یہ میری زندگی کا پہلا اور آخری آئٹم سانگ تھا، لیکن میں جو کرتی ہوں اسے فخر کے ساتھ اپناتی بھی ہوں'۔

اس وضاحت کے باوجود بھی سوشل میڈیا پر اس فلم کو اب تک شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پر سامنے آنے والی ٹوئٹ میں ایک صارف نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مخاطب ہوکر دو گانوں کی تصاویر شیئر کیں۔

پہلی تصویر میں نیلم منیر کا آئٹم سانگ شیئر کیا گیا جبکہ دوسری تصویر گلوکارہ حمیرا ارشد کی تھی، جن کے مطابق انہوں نے آئی ایس پی آر کے ایک شو میں پرفارم کیا۔

اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ 'پہلی تصویر میں فلم کا یہ آئٹم سانگ ایک بھارتی لڑکی کے کردار کو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، فلم دیکھ کر اس کا اندازہ ہوسکتا ہے'۔

انہوں نے لکھا کہ 'دوسری تصویر میں یہ پرفارمنس آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقد نہیں کی گئی کیونکہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) اسلام آباد میں نہیں بلکہ راولپنڈی میں ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ عمر کے بعد سمیع خان بھی 'کاف کنگنا' کے دفاع میں سامنے آگئے

واضح رہے کہ ’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے، انڈیا میں بولے ساڈی جان گئی رے‘ گانے کو معروف موسیقار ساحر علی بگھا نے کمپوز کیا ہے جب کہ عائمہ بیگ نے اس میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

فلم ’کاف کنگنا‘ میں جہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی تنازع مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو پیش کیا گیا ہے وہیں اس میں دونوں ممالک کے لڑکے اور لڑکی کے درمیان محبت کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فلم میں پاکستانی لڑکے کا بھارتی لڑکی سے رومانس اور لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے اس کی مخالفت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

’کاف کنگنا‘ کو رواں ماہ 25 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024