• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شکیب پر پابندی کے خلاف بنگلہ دیش میں عوام سراپا احتجاج

شائع October 31, 2019 اپ ڈیٹ November 4, 2019
آئی سی سی کی پابندی کے سبب شکیب الحسن ایک سال تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے— فوٹو: اے ایف پی
آئی سی سی کی پابندی کے سبب شکیب الحسن ایک سال تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے— فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے شکیب الحسن پر عائد کی گئی دو سال کی پابندی کے خلاف بنگلہ دیش کے عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے اسٹار آل راؤنڈر کی پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

آئی سی سی نے بکیز کی جانب سے رابطے کی اطلاع فراہم نہ کرنے پر بنگلہ دیشی سپر اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر 2سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

مزید پڑھیں: شکیب کی بُکی سے ہونے والی خفیہ باتیں منظر عام پر آگئیں

شکیب کے کیریئر کے دوران اچھے رویے اور اپنی غلطی کو تسلیم کرنے پر ان کی ایک سال کی سزا معطل کر دی گئی ہے البتہ وہ اگلے ایک سال تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

بدھ کو اس پابندی کے خلاف سینکڑوں بنگلہ دیشی شائقین نے 32سالہ اسٹار آل راؤنڈر پر لگائی گئی پابندی کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے ان کے آبائی علاقے مگورا میں احتجاج کیا۔

مگورا میں 700 سے زائد لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے دورہ بھارت سے قبل اپنے ملک کے سب سے بڑے سپر اسٹار کرکٹر پر لگائی گئی پابندی کو سازش قرار دیا اور اس پابندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

پولیس افسر سیف الاسلام نے کہا کہ مظاہرین نے نعرے بازی کی اور ہائی وے پر مارچ کیا جبکہ آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے شکیب الحسن پر 2سال کی پابندی عائد کردی

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

بنگلہ دیش کے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان شکیب الحسن اپنے ملک کے سب سے بڑے سپر اسٹار ہیں اور ان کی پابندی سے آئندہ سال ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جیت کی امیدوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔

آئندہ سال ٹی20 ورلڈ اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے اور بنگلہ دیش کے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کی انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ واپسی 29اکتوبر 2020 کو ہو گی جس کی وجہ سے وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

56 ٹیسٹ، 206 ون ڈے اور 76ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے سپر اسٹار 2009 کے بعد سے صف اول کے آل راؤنڈرز میں سے ایک ہیں اور رواں سال ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا تھا۔

انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں شکیب نے 600 سے زائد رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 11وکٹیں بھی حاصل کی تھیں جبکہ وہ رواں سال ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 5ہزار رنز اور 250وکٹیں لینے والے کرکٹر بھی بن گئے تھے۔

بنگلہ دیش کے نئے ٹی20 کپتان نے شکیب سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس پابندی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ شکیب ہماری ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی تھے اور ان پر پابندی سے ہم سب بہت افسردہ ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی نے پاکستانی کی نومنتخب ٹیم پر کیوں تنقید کی؟

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ شکیب سے کوئی غلطی ہوئی ہو لیکن انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا، ہم اب بھی شکیب کو سپورٹ کرتے ہیں اور ان سے محبت کرتے رہیں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ شکیب پر پابندی کو ملکی کرکٹ کے لیے بڑا صدمہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس شکیب کا کوئی متبادل نہیں اور جب میں نے پہلی مرتبہ یہ سنا تو مجھے شدید غصہ آیا کہ شکیب نے اس بارے میں مجھے کیوں نہیں بتایا، ہم نے شکیب کو ٹیم کا حصہ رکھ کر دورہ بھارت کی منصوبہ بندی کی ہے۔

بنگلہ دیشی آئندہ ماہ دورہ بھارت میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024