• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش کی رومانوی کہانی

شائع October 30, 2019
مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی نے شاندار کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ
مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی نے شاندار کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ

رومانٹک کامیڈی بلاک بسٹر فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی کامیاب جوڑی ہمایوں سعید اور مہوش حیات آئندہ سال آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو بھی فلم ساز ندیم بیگ بنا رہے ہیں، تاہم یہ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا سیکوئل نہیں۔

ہدایت کار نے رواں ماہ کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ وہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ پر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا تھا کہ ممکنہ طور پر فلم میں ہمایوں سعید مرکزی کردار ادا کریں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اور اب ندیم بیگ نے تصدیق کردی کہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں نہ صرف ہمایوں سعید مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے بلکہ ان کے ساتھ مہوش حیات رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔

شوبز ویب سائٹ ’مصالحہ‘ سے بات چیت کے دوران ندیم بیگ نے تصدیق کی کہ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا جوڑا ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں بھی رومانس کرتا دکھائی دے گا۔

ہدایت کار نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ 2017 کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی سیکوئل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منفرد کہانی پر اسی طرح کی رومانٹک کامیڈی فلم ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مہوش حیات کو ندیم بیگ دوسری فلم میں بھی کاسٹ کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام
خیال کیا جا رہا ہے کہ مہوش حیات کو ندیم بیگ دوسری فلم میں بھی کاسٹ کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں، وہیں اس کی کہانی بھی ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہیں۔

ندیم بیگ نے انکشاف کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کے علاوہ ایک اور فلم بنانے پر بھی کام کر رہے ہیں اور اس فلم میں بھی ہمایوں سعید مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری فلم کی کہانی اداکار واسع چوہدری نے لکھی ہے جنہوں نے اس سے قبل ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی دونوں فلموں کی کہانی بھی لکھی تھی۔

مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی جوڑی کو اسکرین پر سراہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی جوڑی کو اسکرین پر سراہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

دلچسپ بات یہ ہے کہ جوانی پھر نہیں آنی کی دونوں فلموں میں بھی ہمایوں سعید دکھائی دیے تھے اور اب آنے والی فلم میں بھی دکھائی دیں گے۔

ندیم بیگ نے دوسری فلم کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا دوسرا سیکوئل ہوگی لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ہدایت کار نے دوسری فلم کی مرکزی اداکارہ کے حوالے سے بھی کچھ نہیں بتایا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس میں بھی مہوش حیات کو کاسٹ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024