اچھی نیند میں مدد دینے والے گرم مشروبات
اچھی نیند صحت کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہے۔
مگر دنیا بھر میں کروڑوں افراد بے خوابی کا شکار ہیں یا ان کے لیے سونا ممکن نہیں ہوتا، یا تھوڑی تھوڑی دیر بعد جاگ جاتے ہیں یا گہری نیند سے محروم رہتے ہیں۔
نیند کی کمی سے متاثر جسم اپنے افعال مناسب طریقے سے کرنے میں ناکام رہتا ہے جبکہ توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
ایسا کہا جاتا ہے کہ سونے سے قبل چائے پینا نیند اڑا دیتا ہے مگر کچھ اقسام کی چائے اچھی نیند کے حصول میں مدد بھی دے سکتی ہیں۔
درحقیقت کئی قسم کی ہربل چائے کا استعمال جسم کو سکون پہنچانے اور نیند کے لیے صدیوں سے ہورہا ہے اور جدید طبی سائنس نے بھی پرسکون نیند کے لیے ان کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔
بابونہ چائے
بابونہ(Chamomile) پودے کی چائے بھی ذہن کو پرسکون رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے، یہ ایک خاص قسم کی پھول نما جڑی بوٹی ہے، جس کے پتے سفید اور پیلے رنگ کے ہوتے ہیں اور پرسکون ذہن جلد نیند کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے۔ اس میں ایسا اینٹی آکسائیڈنٹ ہوتا ہے جو بے خوابی کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔
لیونڈر چائے
لیونڈر ایک خوشبودار اور سکون آور جڑی بوٹی ہے اور اس سے بننے والی چائے جسم کو سکون پہنچانے، اعصاب کو پرسکون رکھنے اور نیند میں مدد دے سکتی ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لیونڈر چائے کی مہک اور اسے 2 ہفتے تک روزانہ پینے والی خواتین میں تھکاوٹ کی شکایت کم ہوگئی، تاہم نیند کے معیار پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔
ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس چائے کے استعمال سے بے خوابی کی شکار خواتین میں دل کی دکھڑکن کی رفتار کم ہوئی اور نیند کا معیار بہتر ہوا، جبکہ جرمنی میں تو لیونڈر چائے کو نیند کے مسائل سے نمٹنے کے سپلیمنٹ کے طور پر قبول کیا گیا ہے۔
لیمن بام
لیمن بام کا تعلق پودینے کی نسل سے ہے اور دنیا بھر میں عام دستیاب ہے، اس کا ایکسٹریکٹ عام طور پر خوشبو کے لیے فروخت کیا جاتا ہے مگر اس کے خشک پتے چائے بنانے کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔
ترش مہک رکھنے والی یہ جڑی بوٹی تناﺅ کم کرتی ہے اور شواہد سے معلوم ہوا کہ اس کے استعمال سے بے خوابی کی علامات میں 42 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔ سونے سے قبل اس چائے کو پینا اچھی نیند میں مدد دے سکتا ہے۔
کیلے کی چائے
کیلے اور دارچینی سے بننے والی یہ چائے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ نیند آنے اور گہری نیند کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ کیلے میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اعصابی نظام کو بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح میگنیشم مسلز کو سکون فراہم کرتا ہے جبکہ وٹامن بی سکس آپ کے جسم کو ایسے کیمیکلز بنانے میں مدد دیتا ہے جو نیند کے نظام کو کنٹرول کرتے ہیں۔
اسی طرح دار چینی بھی بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ بلڈ شوگر لیول میں اضافہ نیند کو دور بھگاتا ہے۔