• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

7 ماہ میں آٹے کی قیمت میں فی کلو 16 روپے تک اضافہ

شائع October 27, 2019
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بیک پارلر اور اشرفی کے 5 کلو اور 10 کلو کے آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بیک پارلر اور اشرفی کے 5 کلو اور 10 کلو کے آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے 100 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ کرنے کے بعد چکی مالکان نے ایک مرتبہ پھر آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس گندم کے 100کلو گرام کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 250 روپے تھی جو حالیہ اضافے کے بعد 3 ہزار 450 روپے ہوگئی۔

حالیہ اضافے کے بعد ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 47 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 48 روپے فی کلو اور آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 480 روپے سے بڑھ کر 485 روپے ہوگئی جبکہ مل مالکان نے میدے اور فائن آٹے کی قیمتیں 50 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 52 روپے 50 پیسے کردیں۔

رواں برس اپریل میں ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 33 روپے 50 پیسے فی کلو اور 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 340 روپے تھی جبکہ میدہ اور فائن آٹے کی قیمت 36 روپے 50 پیسے فی کلو تھی۔

مزید پڑھیں: آٹے کی قیمت میں 2 ہفتے میں تیسری مرتبہ اضافہ

آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بیک پارلر اور اشرفی کے 5 کلو اور 10 کلو کے آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

اپریل تا اکتوبر کے عرصے میں ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں فی کلو ساڑھے 14 روپے، میدہ اور فائن آٹے کی قیمت میں 16 روپے فی کلو جبکہ آٹے کے 10 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت میں 145 روپے اضافہ ہوا۔

رواں برس اپریل سے لے کر اب تک چکی کے آٹے کی قیمت میں 18 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔

تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپریل سے لے کر اب تک آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مہنگائی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرنے کے بجائے ملک میں قیمتوں میں اضافے کی نگرانی کے لیے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوتے ہیں۔

چار ملرز نے دعویٰ کیا کہ اوپن مارکیٹ میں تاجروں نے پہلے سے دستیاب گندم کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے جبکہ دیگر تاجر 100 کلو گندم کی بوری 4 ہزار 3 سو روپے کے بجائے 4 ہزار 4 سو روپے میں فروخت کررہے ہیں۔

گزشتہ برس گندم کی اچھی فصل کے باوجود 100 کلو گندم کے تھیلے کی قیمت میں رواں برس اپریل سے اب تک 14 سو روپے اضافہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی ضلعی انتظامیہ کو چینی، روٹی کی قیمتیں کم کروانے کی ہدایت

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین خالد مسعود نے کہا کہ گندم کے 100 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے اضافے کا، مل مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی بوری کی قیمت میں 100 روپے اضافے کو قرار دیا۔

چیئرمین سندھ زون نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے سندھ کی گندم پنجاب جانے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم مسلسل کم ہورہی ہے جبکہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس سندھ حکومت نے گزشتہ برس کے اسٹاک کی بنیاد پر قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔


یہ خبر 27 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024