• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

خیبرپختونخوا: ہائی ویز پر سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

شائع October 27, 2019
عابد مجید نے بتایا کہ نئی ایمبولنس میں 6 سے 8 متاثرین آسکیں گے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
عابد مجید نے بتایا کہ نئی ایمبولنس میں 6 سے 8 متاثرین آسکیں گے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا حکومت نے ہائی ویز اور موٹرویز پر 8 سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

صوبائی حکومت کے حکام نے ڈان کو بتایا کہ مذکورہ منصوبے کا مقصد ٹریفک حادثات میں متاثرین کی جان بچانا اور معذوری کے تناسب کو کم سے کم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: ٹریفک حادثے میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر امریکی ادارہ برائے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ 13کروڑ 90 لاکھ روپے مالی تعاون فراہم کرے گا۔

حکام نے بتایا کہ صوبے میں ہائی ویز پر مربوط ریسکیو سروس کا کوئی نظام موجود نہیں اور قریبی اضلاع سے ہنگامی ٹیمیں جائے حادثہ پر بھیجی جاتی ہیں جنہیں پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہوتا ہے اور اس طرح متعدد جانوں کا ضیاع ہوجاتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ریلیف، ری ہبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ (آر آر ایس) کا محکمہ سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرے گا۔

آر آر ایس کے سیکریٹری محمد عابد مجید نے ڈان کو بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے حادثات کی شرح زیادہ ہے۔

محمد عابد مجید نے بتایا کہ ہر ریسکیو سینٹر پر بڑی ایمبولنس ہوں گی جس میں 6 سے 8 متاثرین آسکیں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ضروری طبی سامان سمیت تربیت یافتہ عملہ ہر وقت موجود ہوگا۔

مزید پڑھیں: بنوں میں ٹریفک حادثہ، 17 افراد ہلاک

عابد مجید کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے نے ابتدائی طور پر 8 ریسکیو سینٹر کی تجویز دی جس کی فنڈنگ یو ایس ایڈ کرے گا اور حکومت طبی عملہ فراہم کرے گی۔

آر آر ایس کے سیکریٹری نے بتایا کہ ریسکیو سینٹر پر 24 گھنٹے سروس فراہم کی جائے گی اور ان کا محکمہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سے رابطہ کرے گا تاکہ ایمبولینس کے لیے شیڈز اور شیپنگ کنٹینر رکھنے کے لیے جگہ کا حصول ممکن ہو جس میں ریسکیو اسٹیشن قائم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 پورے منصوبے کو یقینی بنائے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ضلع کرک میں کار سے ٹکرانے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 4 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

پشاور سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جانے والی وین کرک کے قریب انڈس ہائی وے میں سپنہ بانڈہ کے مقام پر کار سے ٹکرائی جس کے بعد ویگن میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: عید الفطر کے دوران حادثات میں 25 افراد جاں بحق

ویگن میں آگ لگنے سے 13 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے اور زخمی مسافروں کو امدادی رضاکاروں اور مقامی افراد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہستپال (ڈی ایچ کیو) کرک منتقل کردیا تھا۔

علاوہ ازیں جولائی 2013 میں کرک کے قریب اسی طرح کے ایک حادثے میں ایک ٹرک اور مسافر بس ٹکرا گئی تھی جس کے بعد گیس سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 17 مسافر جھلس کر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس کے مطابق ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہوتا ہے یا پھر شدید زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور بن جاتا ہے۔

وزارت مواصلات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بہاولنگر اور گورکھ ہل میں ٹریفک حادثات، 5 افراد ہلاک

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جو روڈ سیفٹی کے حوالے سے بدترین ممالک کی فہرست میں شمار ہوتے ہیں۔

پاکستان میں روڈ حادثات میں سب سے زیادہ اموات مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ہوتی ہیں، دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024