• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وزیراعظم نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تشکیل دے دی،نوٹی فکیشن جاری

شائع October 24, 2019
کونسل میں 9 اراکین شامل ہوں گے — فائل فوٹو / اے ایف پی
کونسل میں 9 اراکین شامل ہوں گے — فائل فوٹو / اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان نے 9 رکنی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تشکیل دے دی۔

وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس 2019 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تشکیل دی ہے۔

کونسل میں سول سوسائٹی سے تین اراکین کو شامل کیا گیا ہے جن میں کشف فاؤنڈیشن لاہور کی روشنی ظفر، آر کے اے لا کے محمد علی رضا اور بیکر ٹِلی کے پارٹنر طارق احمد خان شامل ہیں۔

اسی طرح کونسل میں انتہائی تجربہ کار 4 ڈاکٹروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں آغا خان یونیورسٹی کی ڈاکٹر رومینہ حسن، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے ڈاکٹر آصف لوئیہ، حمید لطیف ہسپتال لاہور کے ڈاکٹر ارشد تقی اور ڈاکٹر انیس رحمٰن شامل ہیں۔

میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے اراکین میں پاک آرمی کے سرجن جنرل اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان کے صدر بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایم ڈی سی کو ڈاکٹروں کے اوقات کار کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

یاد رہے کہ چند روز قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرڈیننس کے نفاذ کے ذریعے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو تحلیل کردیا تھا جس کے نتیجے میں پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے نام سے نئے ادارے کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔

پی ایم ڈی سی کو تحلیل کیے جانے کے بعد وزارت برائے قومی صحت نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے پاکستان میڈیکل کونسل کی عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا اور کونسل کے 220 ملازمین کو ہدایت کی تھی کہ دفتر ایک ہفتے کے لیے بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایم ڈی سی کیس: ’پاکستان کو 5 لاکھ عطائی نہیں ڈاکٹر درکار‘

تاہم ڈاکٹروں کی نمائندگی کرنے والے ادارے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے مذکورہ فیصلے کو غیر جمہوری قرار دیا تھا اور سیاسی جماعتوں سے صدارتی آرڈیننس مسترد کرنے کی اپیل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024