'عمران خان تاریخ کے سب سے بڑے جھوٹے، بیمار اور خالی دماغ شخص ہیں'
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر سلیکٹڈ حکومت تھونپی گئی ہے اور تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا، بیمار اور خالی دماغ شخص ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 'نواز شریف روبصحت ہیں اور ان کی صحت میں بہتری آئی ہے تاہم انہیں مزید آرام کی ضرورت ہے۔'
انہوں نے حکومت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر سلیکٹڈ حکومت تھونپی گئی ہے، تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا، بیمار اور خالی دماغ شخص ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے، ایسا وزیر اعظم ہے جس کو ادب و آداب کا نہیں پتہ ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی طور پر بداخلاقی کرتے تو کوئی بات نہیں تھی لیکن اب ترقی و خوشحالی کی بات ہے، سوا سال عمران خان جھوٹ بولتے، بدکلامی اور بدزبانی کرتے رہے اور یو ٹرن لیتے رہے جبکہ ملک کی 72 سالہ تاریخ میں ایسا بددیانت، جھوٹا اور مکار سیاستدان نہیں آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سیاستدان نہیں، سیاست کے خاردار میدان سے جب وہ جائیں گے تو واپس نہیں آئیں گے، عقل کا اندھا بھی جانتا ہے کہ عمران خان دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے، جتنی سپورٹ عمران خان کو ملی ہمیں اگر 15 فیصد بھی سپورٹ ملتی تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیتے۔
نواز شریف کی خرابی صحت کا حکومت،وزیر اعظم کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، احسن اقبال
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ پارٹی کا اہم اجلاس شہباز شریف کی زیر قیادت ہوا جس میں نوز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت کی مجرمانہ غفلت کی بھرپور طریقے سے مذمت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بہت بڑے ڈاکٹر کی بات نہیں، اگر کوئی شہری بھی انٹرنیٹ پر سرچ کرے تو 10 ہزار پلیٹ لیٹس کے بارے میں جانتا ہے یہ اقدام خطرناک ہو سکتا ہے، نواز شریف کی جان کو خطرہ تھا اور ان کو فوری طبی سہولیات دی جاتیں تاکہ ان کی صحت کو محفوط کیا جاسکے لیکن غفلت کی گئی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی خرابی صحت کا حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کو براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہیں جبکہ اس بات کا بھی اندیشہ ہے حکومت جس بغض اور نفرت کے ساتھ قیادت کے ساتھ رویہ رکھے ہوئے ہے اس کی وجہ سے مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ غیر انسانی رویہ اپنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اراکین سفاک اور انسان نہیں بھیڑیے ہیں جن کے اندر انسانی بنیادی اخلاق کا گزر تک نہیں ہوا جبکہ افسوس اور دلی دکھ ہوا کہ نواز شریف کے معاملے میں بنیادی انسانی رویے کا پاس نہیں رکھا گیا جو کسی بھی معاشرے میں دشمن کے ساتھ بھی روا رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نفرت اور انتقام کی یہ علامت ہے کہ نواز شریف کا ٹی وی اور اے سی بند کردیا گیا، جبکہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو محاسبہ عمران خان نیازی کا کریں گے۔