عمران خان کی کٹھ پتلی حکومت کو گرا کر رہیں گے، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ظالم اور سندھ دشمن ہیں، ہم اس کٹھ پتلی حکومت کو گرا کر رہیں گے۔
اسلام کوٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر محبت، امن اور مہمان نوازوں کا شہر ہے، تھر میں انگریز کے خلاف بغاوت کا علم بلند کرنے والے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آج ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں، تھر کے لوگ قحط کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے غریبوں کو حقوق دلوائے'۔
انہوں نے بتایا کہ '6 ماہ قبل آپ سے یونیورسٹی کا وعدہ کیا تھا جسے پورا کردیا ہے اور کل میں یہاں این ای ڈی یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح کر رہا ہوں'۔
مزید پڑھیں: بلاول نے حکومت کے خاتمے کیلئے جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی
انہوں نے کہا کہا 'عوام کے معاشی حقوق سلب کیے جارہے ہیں، صوبے کے حقوق چھینے جارہے ہیں اور کراچی پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے'۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'کٹھ پتلی سیاستدان ہمارے مقابلے میں لڑتے ہیں، عمران خان سندھ کے دشمن ہیں، ان کی حکومت گرانے نکلا ہوں اور سلیکٹڈ حکومت کو گرا کر رہیں گے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'کچھ لوگ وزارتیں لے کر سندھ کے حقوق پر سودے بازی کررہے ہیں، آج جمہوریت شدید خطرے میں ہے، سب کے سب ریموٹ سے چل رہے ہیں، ہم مل کر کٹھ پتلی کو بھگائیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے'۔
انہوں نے کہا کہا 'معاشرے میں آج ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، غریب دشمن حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے عوام کا ساتھ چاہیے، وفاق سے حقوق چھین کرعوام کی خدمت کریں گے'۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول، شہباز ملاقات: ’جمہوری راستہ تلاش کرلیا جو صرف انتخابات ہیں‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا 'یہ ملک اور اس ملک کے عوام ان کا ظلم زیادہ برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے معیشت کا ستیاناس کردیا، حکومت تو چلا ہی نہیں سکتے ہیں اور یہاں تک کہ کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کا سودا کردیا، کوئی غیرت مند پاکستانی ان کو معاف نہیں کرسکتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اس کٹھ پتلی کو گرانے نکلے ہیں، ہمارا اگلا احتجاج سندھ اور پنجاب کی سرحد پر کندھ کوٹ میں ہوگا اور اسلام آباد تک ہماری آواز پہنچائیں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'اسلام آباد والے اسلام کوٹ کی آواز سنیں اور اسلام کوٹ کی عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ مک گیا تیرا شو عمران گو عمران گو عمران'۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'جلد ہی یہ حکومت گرے گی اور عوامی حکومت بنے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی'۔