• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ریاست مخالف تقریر کا الزام: مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف دائر درخواست خارج

شائع October 23, 2019
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر تقریر کرنے پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو بدلہ لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

درخواست گزار شاہ جہاں ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر کیں اس لیے جمعیت علمائے اسلام پر پابندی عائد کی جائے۔

شاہ جہاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم آفس سے استفسار کیا جائے کہ انہوں نے ابھی تک مولانا فضل الرحمٰن کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا؟

درخواست میں مولانا فضل الرحمٰن، وفاق، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا تھا۔

جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ میرے خلاف بھی لوگ سوشل میڈیا میں پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی تجویز زیر غور ہے، فضل الرحمٰن

چیف جسٹس نے کہا کہ ’کسی کو کوئی فرق نہیں پڑھتا، جس کا دل چاہئے جو بھی بولے‘۔

بعدازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جے یو آئی کے سربراہ کے خلاف درخواست خارج کردی۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا تاہم 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف حکومت کی جانب سے یوم سیاہ منائے جانے کے پیش نظر انہوں نے تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے 31 اکتوبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ ’ہم ریاستی اداروں سے تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر حکومت نے ’آزادی مارچ‘ میں تشدد کا راستہ اختیار کیا، آج نہیں تو کل، کل نہیں تو پرسوں بدلہ لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں‘۔

مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے کہا تھا کہ استعفے سے پہلے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے کی ہدایت

واضح رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کی فورس 'انصار الاسلام' کے دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن محافظ دستے سے سلامی لیتے نظر آئے تھے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ملیشیا فورس کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ملیشیا فورس 'انصار الاسلام' کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا اور کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری بھی لی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024